17/02/2025
سوات (لعل شیرخان سے) جمعیت علماء اسلام تحصیل کبل کا تعارفی اجلاس سوات عارف سردریاب ہوٹل ہزارہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع سوات کے امیر مولانا سید قمر، ناظم عمومی محمد اعجاز خان، ناظم اول حافظ محمد ادریس، ناظم دوم فضل ربی، نائب امیر لیاقت خان عرف انس بابا، سیکرٹری اطلاعات صادق محمد، ناظم دفتر عمران خان اور ناظم مالیات فضل ہادی خان لالا نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں تمام ویلج کونسلز کے امراء و نظماء نے بھی شرکت کی۔باقاعدہ آغاز مولانا قاری رحمت اللہ کے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
تحصیل ناظم عمومی جناب محمد زادہ ثاقب نے اجلاس کا ایجنڈا جو عاملہ کے تعارف کے حوالے سے تھا پیش کیا۔امیر جمعیت علمائے اسلام تحصیل کبل مفتی عارف اللہ نے ضلعی قیادت کو جماعت کے طرف سے تحصیل کبل آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ناظم عمومی ضلع سوات محمد اعجاز خان نے کہا کہ آپ لوگوں نے ہم پر اعتماد کیا ہے لیکن بات یہاں ختم نہیں ہوتی اب آگے بھی آپ نے ہمیں سپورٹ کرنا ہے اور اس جماعت کو ان شاءاللہ مشترکہ طور پر آگے لے جانا ہے اور سب سے پہلے جماعت سے اختلافات کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہوگی کیونکہ اختلافات جماعتی کاز کو کمزور بناتا ہے ناظم اول ضلع سوات حافظ محمد ادریس نے جماعتی نظم اور دستور پر روشنی ڈالی اور کہاں کہ ہم سب کی منزل ایک ہے، منزل تک پہنچنے کے لیے راستے پر اختلاف تو ہو سکتا ہے لیکن جو مقصد ہے اس پر اختلاف نہیں۔ ہم نے سب دوستوں کو ساتھ لے کر چلنا ہے اور جتنے ناراض ساتھی ہے ان کو منانا ہے۔امیر ضلع سوات مولانا سید قمر صاحب نے تربیت کے حوالے سے مفصل گفتگو کی اور کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت کے مختلف شعبے ہیں اور یہ شعبے فعال کیے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے خصوصاً مالیات کے شعبے پر زور دیا کہ ہماری جماعت کارکنوں کی تعاون سے چلتی ہے، مالیات کے بغیر نظام چلانا مشکل ہوتا ہے اس کے لیے ایک طریقہ کار موجود ہے امید ہے کہ آپ اسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے اس شعبے کو فعال بنائیں گے۔ انہوں ویلج کونسل کو فعال کرنے پر بھی زور دیا اور فرمایا کہ جہاں جہاں تنظیمیں موجود نہیں یا موجود تو ہے لیکن فعال نہیں انہیں پہلی فرصت میں فعال کیا جائے تاکہ جماعتی کام احسن طریقے سے چلایا جاسکے۔ناظم عمومی محمد زادہ ثاقب نے ضلعی قیادت کے سامنے کچھ گذارشات و سفارشات پیش کیں جس پر ضلعی قیادت نے عمل درآمد کی یقین دھانی کرائی آخر میں ضلعی قیادت نے کامیاب اجلاس کے انعقاد پر تحصیل کبل کے تمام عاملہ کا شکریہ ادا کیا۔مفتی ثناء اللہ صاحب کی دعائیہ کلمات سے اجلاس کا اختتام ہوا۔