
28/07/2025
لوٹن (کے پی پی)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے بانی اراکین کا اہم مشاورتی اجلاس
تحریک کی وحدت، قیادت کی بحالی اور عوامی اعتماد کے لیے نیا آغاز
لوٹن، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے بانی اراکین پروفیسر ظفر خان، ناظم بھٹی، اعجاز ملک، قاری عجائب، ملک لطیف خان ، حاجی محمد اقبال اور چوہدری محمد رفیق نے لوٹن (Luton) میں ایک اہم ابتدائی مشاورتی اجلاس منعقد کیا جس میں تحریک کو درپیش سنگین چیلنجز اور موجودہ صورتِ حال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ تنظیم میں بڑھتی ہوئی باہمی چپقلش، فکری انتشار اور قیادت کے بحران نے جے کے ایل ایف کی ساکھ کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ کبھی کشمیری تحریکِ آزادی کی صفِ اول کی جماعت سمجھی جانے والی تنظیم آج داخلی تقسیم اور غیر مؤثر قیادت کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بن رہی ہے، جو کارکنان اور ہمدردوں میں بددلی اور مایوسی کا باعث بن رہی ہے۔
اس تشویشناک صورتحال کے پیش نظر بانی اراکین نے اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا کہ جے کے ایل ایف کے تمام بانی اراکین کا ایک نمائندہ اور فیصلہ کن اجلاس بلایا جائے تاکہ تنظیم کے لیے ایک نیا، قابلِ عمل اور شفاف لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔ اس کا مقصد قیادت کو مؤثر انداز میں ازسرِ نو تشکیل دینا، تنظیمی وحدت کو بحال کرنا، اور کشمیری عوام کا کھویا ہوا اعتماد دوبارہ حاصل کرنا ہے۔
یہ اقدام بانی نظریات، قربانیوں اور اصولوں کی روشنی میں جے کے ایل ایف کو دوبارہ ایک مضبوط، متحد اور نمائندہ تحریک میں ڈھالنے کی جانب پہلا سنجیدہ قدم ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے تمام دھڑوں، کارکنان اور تحریک کے ہمدردوں کو ایک واضح پیغام دیا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ ذاتی مفادات، گروہی ترجیحات اور باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ایک مشترکہ نصب العین کی جانب بڑھا جائے ۔۔۔۔