15/01/2026
مظاہرین کے پاس ایم فور رائفل، واکی ٹاکیز بھی تھیں‘: پاکستان آنے والے افراد نے ایران میں کیا دیکھا؟
ایران میں گذشتہ دو ہفتوں سے جاری احتجاجی مظاہروں کے سبب حالات تاحال کشیدہ ہیں۔ گزشتہ چند دنوں میں ایران سے پاکستان آنے والے افراد کا کہنا ہے کہ انھوں نے ’انتشار‘ کی صورتحال دیکھی ہے۔
ایران میں حکومت مخالف احتجاج دو ہفتے قبل 28 دسمبر کو شروع ہوا تھا جب تہران میں مقامی تاجر امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی کرنسی ریال کی قدر میں ایک اور بڑی کمی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔
ان احتجاجی مظاہروں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی درست تعداد جاننا مشکل ہے کیونکہ ملک میں بین الاقوامی خبر رساں اداروں پر پابندیاں ہیں اور گزشتہ پانچ دنوں سے انٹرنیٹ بھی بند ہے۔ ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ان احتجاجی مظاہروں میں 114 سرکاری اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
ایسے میں ایران سے متضاد اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ اس دوران ایران میں حکومت کی حمایت میں بھی ریلیاں دیکھنے میں آئی ہیں اور ایرانی حکومت کا الزام ہے کہ ملک جاری احتجاجی مظاہروں کے پیچھے امریکہ اور اسرائیل کا کردار ہے۔