04/06/2026
تحصیل چڑہوئی میں سب ڈویژن برقیات کے قیام کی منظوری پر عوامی خوشی، علاقہ ترقی کی نئی راہ پر گامزن
تحصیل چڑہوئی کی عوام کے لیے یہ ایک بڑی خوشخبری اور خوش آئند پیش رفت ہے کہ سب ڈویژن برقیات چڑہوئی کی منظوری دے دی گئی ہے، جس سے علاقے میں بجلی سے متعلق مسائل کے حل میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو بہتر سہولیات میسر ہوں گی
عوامی و سماجی حلقوں نے اس اہم کامیابی پر صدر جماعت پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری محمد یسین اور وزیر بلدیات چوہدری عامر یسین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس دیرینہ مطالبے کی تکمیل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام چڑہوئی کی ترقی، خوشحالی اور عوامی سہولت کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
اس منصوبے کی تکمیل میں فوکل پرسن لوکل گورنمنٹ چوہدری وقاص سلیم کی خصوصی کاوشیں اور مسلسل جدوجہد بھی قابلِ ستائش ہیں، جنہوں نے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے اور فالو اپ کے ذریعے اس اہم منصوبے کو عملی شکل دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سب ڈویژن برقیات کے قیام کے بعد اب چڑہوئی میں جلد ٹرانسفارمر مرمت ورکشاپ سمیت دیگر ضروری برقی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ ماضی میں بجلی کے بیشتر کاموں کے لیے عوام کو کھوئی رٹہ کے دفاتر کے چکر لگانے پڑتے تھے، لیکن اب یہ تمام سہولیات مقامی سطح پر چڑہوئی میں دستیاب ہوں گی جس سے عوام کا وقت، اخراجات اور مشکلات کم ہوں گی۔
عوام نے ایکسین برقیات سید واجد حسین شاہ کی بطور ایکسین برقیات چڑہوئی تعیناتی کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں بجلی کے نظام میں مزید بہتری آئے گی اور صارفین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔
اہلِ حلقہ کا کہنا ہے کہ چڑہوئی حلقہ 5 اب حقیقی معنوں میں ترقی اور بہتری کی جانب گامزن ہے اور مستقبل میں بھی ایسے عوامی فلاحی منصوبوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
رپورٹ: ساجد عزیز