21/09/2025
ضلع تورغر میں سینئر کیڈر پروموشن
نیوکلے حسن زئی اور منجاکوٹ کے سکولوں سے پوسٹوں کی منتقلی کی کوشش
عوام کی شدید مزاحمت، سیاسی مداخلت کی مذمت
تورغر (نامہ نگار) ضلع تورغر میں حالیہ سینئر کیڈر پروموشن کے دوران بعض افراد کی جانب سے من پسند اسٹیشن حاصل کرنے کے لیے اپیلیں جمع کرائی جا رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نیوکلے حسن زئی اور ہائر سیکنڈری سکول منجاکوٹ سے 16 اسکیل کی پوسٹوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جس پر عوامی حلقوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔
عوامی موقف
باشندگان حسن زئی اور پتاوں مداخیل نے اس عمل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان سکولوں سے سینئر پوسٹوں کو ختم کر کے دوسری جگہ منتقل کیا گیا تو وہ یہ معاملہ اعلیٰ حکام تک لے جائیں گے اور ان پوسٹوں کو ہر صورت واپس لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیوکلے حسن زئی اور منجاکوٹ کے طلبا کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سیاسی نمائندوں کے نام پیغام
عوامی حلقوں نے واضح کیا کہ سیاسی نمائندے محکمانہ معاملات میں مداخلت سے باز رہیں اور علاقے کے تعلیمی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش نہ کریں۔ بصورت دیگر شدید عوامی ردعمل سامنے آئے گا۔
مطالبہ
علاقائی عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ پوسٹوں کی منتقلی کے بجائے اسمبلی سے ان سکولوں کے لیے نئی نشستیں منظور کی جائیں تاکہ یہاں زیر تعلیم طلبا کا تعلیمی مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔