17/08/2026
ساتذہ کی بھرتی میں اردو میڈیم کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں: شریف احمد شریف
بلگاوی (شریف احمد شریف): ریاستی حکومت کی جانب سے تقریباً 15 ہزار اساتذہ کی بھرتی کے اعلان کے درمیان اردو میڈیم اسکولوں اور اردو زبان کے اساتذہ کو بھی بھرتی کے عمل میں مساوی مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ اسی سلسلے میں آج بلگاوی میں ڈپٹی کمشنر کے توسط سے وزیر اعلیٰ کرناٹک اور وزیرِ اسکولی تعلیم و خواندگی کو عرضداشت روانہ کی گئی۔ عرضداشت میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اساتذہ کی بھرتی کا فیصلہ سرکاری اسکولوں کے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے، تاہم اس بھرتی کے عمل میں اردو میڈیم اسکولوں اور اردو زبان کے اساتذہ کو مناسب نمائندگی نہ ملنے سے اردو میڈیم طلبہ اور اردو زبان کے تعلیمی مستقبل کے حوالے سے تشویش پیدا ہوئی ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں متعدد اردو میڈیم سرکاری اسکول ایسے ہیں جہاں تدریسی عملہ کی آسامیاں طویل عرصے سے خالی ہیں۔ اساتذہ کی کمی کا براہِ راست اثر طلبہ کی تعلیم پر پڑ رہا ہے۔ خصوصاً دیہی اور پسماندہ علاقوں کے اردو میڈیم اسکولوں میں صورتحال مزید سنگین ہے، جہاں طلبہ کو ضروری تعلیمی سہولیات اور مؤثر تدریس کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس موقع پر اردو گھر کمیٹی کے صدر شریف احمد شریف نے کہا کہ اردو میڈیم طلبہ بھی ریاست کے دیگر طلبہ کی طرح معیاری تعلیم کے یکساں حق دار ہیں۔ اگر اردو میڈیم اسکولوں میں خالی تدریسی آسامیوں کو پُر نہیں کیا گیا تو ان طلبہ کے تعلیمی مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ریاست کے تمام لسانی اور تعلیمی طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرے اور کسی بھی زبان کے طلبہ کو بنیادی تعلیمی سہولیات سے محروم نہ رکھا جائے۔
شریف احمد شریف نے مطالبہ کیا کہ موجودہ اساتذہ کی بھرتی کے عمل میں اردو میڈیم اساتذہ کے لیے مناسب اور مساوی مواقع فراہم کیے جائیں، اردو میڈیم سرکاری اسکولوں میں طویل عرصے سے خالی تدریسی آسامیوں کو بھرتی کے نوٹیفکیشن میں شامل کیا جائے اور طلبہ کی تعداد و ضرورت کے مطابق منظور شدہ خالی آسامیوں کو فوری طور پر پُر کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اردو میڈیم طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے ضروری تدریسی عملہ مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ اردو زبان و ادب اور اردو میڈیم طلبہ کے تعلیمی مفادات کے تحفظ کے لیے حکومت کو مثبت اور فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔
عارف کٹگیری نے کہا کہ حکومت کو اس اہم مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اردو زبان و اردو میڈیم طلبہ کے ساتھ انصاف کرنا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ اور وزیرِ تعلیم اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئندہ اساتذہ کی بھرتی میں اردو میڈیم کو اس کا جائز اور مساوی حق فراہم کریں گے۔عرضداشت میں واضح کیا گیا کہ اردو میڈیم کو بھرتی کے عمل میں مناسب نمائندگی دینا صرف اردو زبان کے تحفظ کا مسئلہ نہیں بلکہ تعلیمی مساوات، طلبہ کے بنیادی تعلیمی حقوق اور ریاست میں مساوی مواقع کی فراہمی سے بھی وابستہ اہم معاملہ ہے۔
اس موقع پر اتحاد نیوز کے مدیرِ اعلیٰ اقبال احمد جکاتی، ٹیپو سینا کے صدر نوید جمعدار، اردو گھر کمیٹی کے رکن مزمل (منا) صاحب سمیت دیگر اراکین موجود تھے۔