23/04/2025
پہلگام کشمیر میں ہونے والے درد ناک سانحے پر مجلس شوریٰ علاقہ دچھن کا اظہارِ افسوس اور شدید مذمت۔
کل 22اپریل 2025کو پہلگام کشمیر میں رونما ہونے والے سانحے کے حوالے سے مجلسِ شوریٰ علاقہ دچھن نے شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے بے گناہ مہلوکین اور ان کے غمزدہ وارثین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلہ میں آج دوپہر نمازِ ظہر کے بعد مرکزی جامع مسجد شریف سوید کے احاطے میں مجلسِ شوریٰ کا ایک تعزیتی اور احتجاجی اجلاس منعقدہوا ۔ جس میں مرکزی جامع مسجد شریف کے امام حافظ اشفاق احمد صاحب اور مجلسِ شوریٰ علاقہ دچھن کے نائب صدر اور ترجمان غلام نبی ساگر صاحب نے اپنے اپنے بیان میں، اس دلخراش واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومتِ وقت سے مانگ کی کہ اس واقعے کی باریک بینی سے تحقیقات کرکے ملوث افراد
کی نشان دہی کی جائے۔تاکہ اُنہیں قرار واقعی سزا ملے۔اور ایسے انسانیت سوز واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ اس درندگی کو اسلام کے ساتھ جوڑنے کی کوشش قابلِ افسوس ہے۔ جب کہ اسلام بے گناہوں کے قتل فتنہ فساد اور دہشت گردی کا سخت مخالف ہے۔۔اگر کوئی شخص ایسی مذموم حرکات کا مرتکب ہوگا تو وہ اُس کاذاتی فعل ہے،جس کی سزا اُسے دنیا اور آخرت میں خود بھگتنی ہوگی۔شر پسند کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہے۔ ہمیں مل جل کر ہر محاذ پر ایسے ناعاقبت اندیش فرد یا افراد کے خلاف،اور مظلومین کے حق میں آواز بلند کرنی چاہئے اور منفی سوچ کو ہر قدم پر نکارنا چاہئے۔ شوریٰ کے ترجمان نے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ موجودہ نازک اور غیر یقینی حالات میں مقامی ہندو اور مسلم برادری کو امن و آشتی اور آپسی بھائی چارے کی روایت ہمیشہ پیش نظر رکھنی چاہئے۔
اتفاق و اتحاد ہی سے ہم ہر مصیبت اور آفت کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
المشتھر۔
مرکزی مجلسِ شوریٰ علاقہ دچھن