
29/06/2025
پریس ریلیز
تاریخ: 29 جون 2025
مقام: گاندھی میدان، پٹنہ
وقف ترمیمی قانون کے خلاف امارتِ شرعیہ کی پکار پر لاکھوں افراد کا تاریخی اجتماع
امارتِ شرعیہ (بہار، اڑیسہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال) کی دعوت پر آج 29 جون 2025 کو پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں “وقف بچاؤ، دستور بچاؤ” کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا، جس نے اپنی وسعت، نظم، اور اثر انگیزی کے لحاظ سے تاریخ رقم کر دی۔
اس عظیم عوامی اجتماع میں نہ صرف بہار، اڑیسہ، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال سے بلکہ ملک کے مختلف حصوں سے لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ گاندھی میدان مکمل طور پر انسانی سروں کے سمندر میں تبدیل ہو چکا تھا۔ وقف ترمیمی قانون کے خلاف یہ اب تک کا سب سے بڑا اجتماع تصور کیا جا رہا ہے۔
کانفرنس کی صدارت امیرِ شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب دامت برکاتہم نے فرمائی، جب کہ اسٹیج پر ملک کی تقریباً تمام بڑی ملی و سماجی تنظیموں کے سرکردہ قائدین اور ان سیاسی پارٹیوں کے نمایندے موجود تھے جن کا مؤقف وقف ترمیمی قانون کے خلاف ہے۔
تمام مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ وقف ایک مذہبی و دستوری امانت ہے، جس میں کسی بھی طرح کی حکومتی مداخلت ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے امارتِ شرعیہ کی اس بیداری مہم اور اس پُرامن احتجاج کو سراہتے ہوئے حضرت امیرِ شریعت کے ہر فرمان پر لبیک کہنے کا عہد کیا۔
شدید گرمی اور دھوپ کی تمازت کے باوجود عوام کا جوش و خروش مثالی رہا۔ شرکاء نے پرامن انداز میں پورے صبر و استقلال کے ساتھ وقف کے تحفظ کے حق میں اپنی آواز بلند کی۔
پروگرام کا اختتام حضرت امیرِ شریعت کی بصیرت افروز تقریر اور پُراثر دعا پر ہوا، جس نے پورے مجمع کو روحانی سکون بخشا اور آئندہ کے لیے عزم و حوصلہ دیا۔