29/08/2026
نوجوان استاد جناب محمد اشتیاق صاحب کی وفات
نوجوان استاد جناب محمد اشتیاق صاحب کے انتقال کی خبر یقیناً ہم سب کے لیے انتہائی افسوسناک اور دل کو جھنجھوڑ دینے والی ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی رحمتِ کاملہ میں جگہ عطا فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے اور تمام لواحقین و پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
ہم سب کو اس حقیقت پر کامل یقین ہے کہ ہر ذی نفس کو موت کا ذائقہ ضرور چکھنا ہے اور ہر انسان کی موت کا ایک مقررہ وقت ہے، جس میں نہ ایک لمحے کی تاخیر ہو سکتی ہے اور نہ تقدیم۔ لیکن سوال یہ ہے کہ جب یہ حقیقت ہمیں معلوم بھی ہے اور ہم اپنی آنکھوں سے اس کا مشاہدہ بھی کرتے رہتے ہیں، تو پھر ہم عبرت کیوں نہیں لیتے؟
جنازے اٹھتے ہیں، قبریں آباد ہوتی ہیں، اپنے ہم سے بچھڑتے ہیں، آنکھیں نم ہوتی ہیں، دل چند لمحوں کے لیے نرم پڑتے ہیں، مگر افسوس! کچھ ہی دیر بعد ہم پھر اسی غفلت، اسی دنیا داری اور اسی گناہوں کی دوڑ میں واپس لوٹ آتے ہیں۔
آخر ہمیں کس چیز نے اتنا بے حس کر دیا ہے؟
ہم پیچھے کیوں نہیں ہٹتے؟ ہم توبہ کی طرف کیوں نہیں پلٹتے؟ آخر ہمیں کس زہریلے سانپ نے سونگھ لیا ہے کہ موت کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھنے کے باوجود بھی ہم توبہ میں نہیں گرتے؟
یاد رکھیں، موت کسی عمر کی محتاج نہیں۔ نہ جوانی اس سے محفوظ ہے، نہ بڑھاپا اس کا انتظار کرتا ہے۔ جس کا وقت آ گیا، وہ چلا گیا۔ باقی رہ جانے والوں کے لیے صرف عبرت، نصیحت اور عمل کا موقع باقی رہ جاتا ہے۔
آئیے، جناب اشتیاق صاحب کی وفات کو صرف ایک افسوسناک خبر سمجھ کر نہ بھولیں، بلکہ اسے اپنے لیے ایک خاموش پیغام سمجھیں۔ اپنے رب کی طرف پلٹ آئیں، اپنے گناہوں سے سچی توبہ کریں، دلوں سے کدورتیں نکالیں، حقوق العباد ادا کریں اور اس دن کی تیاری کریں جس دن ہمارے پاس نہ مہلت ہوگی، نہ واپسی کا راستہ۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ہمیں موت سے پہلے اپنی اصلاح اور سچی توبہ کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔