08/12/2025
عظیم الشان سالانہ جلسۂ دستاربندی و تقسیم اسناد
جامعہ محمدیہ قاسم العلوم محمود نگر سہڑی خواجہ ضلع پونچھ جموں کشمیر
2025 بمؤرخہ 07 دسمبر بروز اتوار
الحمد للّٰہ ثم الحمد للّٰہ!
جامعہ محمدیہ قاسم العلوم محمود نگر سہڑی خواجہ میں 07 دسمبر بروز اتوار نہایت شاندار اور بابرکت سالانہ جلسۂ دستاربندی، تقسیم اسناد و تکریم حفاظ و فارغین کا انعقاد کیا گیا۔ یہ دن تاریخِ جامعہ میں ایک یادگار اور روحانی دن کے طور پر ثبت ہوا۔ پورا ماحول نورِ قرآن کی تجلیات اور علمی وقار سے جگمگا رہا تھا۔
انجمن اصلاح البیان کا خصوصی پروگرام
جلسہ کا آغاز نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ انجمن اصلاح البیان کے معیاری اور علمی و ادبی پروگرام سے ہوا، جس میں طلباء نے تلاوت، نعت، خطابت اور تجویدی مہارت کا بہترین مظاہرہ کیا۔
اس پروگرام کی علمی قدر و منزلت کو بلند کرنے کے لیے تین ممتاز و جلیل القدر شخصیات نے حکماء کی حیثیت سے شرکت فرمائی:
1. حکم اول: حضرت مولانا مشتاق احمد صاحب قاسمی
استاذ دارالعلوم دعوت الحق ہرنی مہندر
2. حکم ثانی: حضرت مولانا گلزار حسین صاحب قاسمی
مہتمم مدرسہ عمر بن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہاڑی راجدھان
3. حکم ثالث: حضرت مولانا شکیل احمد صاحب ضیائی
استاذ جامعہ ضیاء العلوم پونچھ
ان اکابر نے طلباء کی علمی پیشکش کو نہایت سنجیدگی و معیار کے ساتھ پرکھا اور اصلاحی نکات بیان فرمائے۔
(NIOS)
جمیعت اوپن اسکول کے تحت دسویں اور بارھویں جماعت میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو بھی اس موقع پر اسناد و تعریفی اعزازات سے نوازا گیا۔ ان نوجوانوں کے چہروں پر خوشی اور والدین کے چہروں پر شکر و افتخار کے آثار نمایاں تھے۔
جامعہ کے حفاظِ کرام اور فارغین کے سروں پر جب سنت کے مطابق دستار فضیلت سجائی گئی تو فضا تکبیر اور درود کی صداؤں سے گونج اٹھی۔
یہ وہ مبارک گھڑی تھی جس میں والدین کی آرزوئیں جامۂ تعبیر پہن رہی تھیں اور معلمین کی محنتیں تسبیح کی صورت چمک رہی تھیں۔
(Certificate of Affiliation)
اس پرمسرت موقع پر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے جامعہ محمدیہ قاسم العلوم محمود نگر سہڑی خواجہ ضلع پونچھ جموں وکشمیر کوبشکریہ جناب ڈاکٹر عبد الغنی صاحب کا لس ریجنل ڈائریکٹر مانو ریجنل سب سینٹر جموں بذریعہ حضرت مفتی افتخار احمد صاحب اشاعتی ناظم تعلیمات جامعہ ہذا، سند الحاق عطا کی گئی
یہ عظیم سرٹیفیکیٹ حضرت مولانا محمد نور حسین صاحب قاسمی بانی و سرپرست جامعہ ہذا کے مبارک ہاتھوں سے حضرت مولانا محمد عبداللہ حسین القاسمی مہتمم جامعہ ہذا اورحضرت مولانا گلزار حسین صاحب القاسمی صدر جامعہ ہذاکو پیش کیا گئ۔
اس اعلان نے جلسہ کے تقدس اور خوشی کو ایک نئے تاریخی مرحلے تک پہنچا دیا۔
جلسہ کی علمی شان میں اضافہ کرتے ہوئے حضرت مولانا فتح محمد صاحب القاسمی مہتمم مدرسہ مہندر نے نہایت ایمان افروز، تربیتی اور فکر انگیز بیان فرمایا۔
آپ نے قرآن کی برکات، تعلیم کی عظمت، اساتذہ کی محنت اور والدین کے حقوق پر نہایت جامع اور دلنشین انداز میں روشنی ڈالی۔
پروگرام کا حسنِ اختتام حضرت مولانا محمد صادق واصل صاحب
سابق جنرل سیکریٹری تنظیم علماء اہل سنت والجماعت پونچھ کی نہایت پرنور اور بابرکت دعا پر ہوا۔
دلوں کو سکون، آنکھوں میں شکر و امتنان کی نمی پیدا ہوئی اور علمی محافل کی معنویت ایک بار پھر دلوں میں تازہ ہوگئی۔
جامعہ کے منتظمین و اساتذہ کی جانب سے تمام مہمانانِ کرام، والدین، شرکاء اور محسنینِ جامعہ کا شکریہ ادا کیا گیا جن کی موجودگی نے اس علمی و دینی اجتماع کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کیا۔
اللہ تعالیٰ جامعہ محمدیہ قاسم العلوم کو مزید ترقّی، قبولیت اور دین کی سربلندی کا ذریعہ بنائے۔
آمین