07/11/2025
چنڈک میں پولیس اہلکار حادثاتی طور پر بجلی کی زد میں آکر شدید زخمی
اہل علاقہ کا محکمہ بجلی سے خستہ لائنوں کی فوری مرمت کا مطالبہ
پونچھ/6نومبر/ماجد چوہدری
مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے علاقے چنڈک میں آج ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک پولیس اہلکار بجلی کے کرنٹ کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اعجاز بشیر ولد محمد بشیر، عمر تقریباً 30 سال، سکنہ چنڈک اپنے گھر کی چھت پر مرمت کا کام کر رہا تھا کہ اسی دوران وہ غلطی سے عام برقی لائن (جنرل لائن) کے ایک تار کو چھو بیٹھا، جس سے اسے شدید برقی جھٹکا لگا اور وہ زخمی ہو گیا۔
حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے زخمی پولیس اہلکار کو ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اہلکار کے جسم پر کرنٹ لگنے سے جھلسنے کے نشانات پائے گئے ہیں اور اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، تاہم وہ زیر علاج ہے۔
علاقے کے عوامی حلقوں نے اس واقعہ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ بجلی (PDD) پر سوالات اٹھائے کہ رہائشی مقامات کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی کم اونچائی اور خستہ حالت میں موجود تاریں لوگوں کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر بجلی لائنوں کی وقت پر مرمت اور مناسب اونچائی یقینی بنائی جاتی تو اس طرح کے سانحات سے بچا جا سکتا تھا۔
عوام نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ بجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقے میں بجلی لائنوں کا فوری معائنہ کر کے کمزور اور نیچی لٹکی تاروں کو تبدیل کریں، تاکہ مستقبل میں کسی بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔
ادھر متعلقہ حکام نے کہا ہے کہ واقعہ کے حوالے سے معلومات جمع کی جا رہی ہیں اور احتیاطی اقدامات کے حوالے سے بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔