07/05/2026
ممتا بنرجی کے مستعفی ہونے سے انکار پر گورنر نے مغربی بنگال کابینہ کو تحلیل کردیا
مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کے استعفیٰ دینے سے انکار کے بعد گورنر آر این روی نے ریاستی اسمبلی تحلیل کردی۔
راج بھون کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ آئین ہند کے آرٹیکل 174(2)(b) کے تحت 7 مئی 2026 سے مغربی بنگال اسمبلی کو تحلیل کیا جاتا ہے۔ اسمبلی کی میعاد جمعرات کی نصف شب ختم ہونے والی تھی۔
ممتا بنرجی نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو حاصل ہونے والا مینڈیٹ “لوٹ” کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے راج بھون جاکر استعفیٰ پیش کرنے سے بھی انکار کردیا تھا۔
بی جے پی قائدین نے ممتا بنرجی کو فوری برخاست کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ اپوزیشن اتحاد کی کئی جماعتوں نے ان کی حمایت کی۔
آئینی ماہرین کے مطابق انتخابی عمل کی باضابطہ توثیق تک چیف منسٹر کی حیثیت برقرار رہ سکتی ہے، تاہم بعد ازاں صرف نگران حکومت کے طور پر ہی عہدہ سنبھالا جاسکتا ہے۔
ادھر ترنمول کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ انتخابی نتائج کو عدالت میں چیلنج کرے گی۔
بی جے پی، جس نے حالیہ انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کی ہے، ہفتہ کو نئی حکومت کی حلف برداری کرسکتی ہے۔