
13/07/2025
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ دہش*ت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کے لیے حکومت ان تمام کیسز کی دوبارہ تحقیقات کرے گی جو درج نہیں کیے گئے تھے، اور جہاں کہیں جائیدادیں ضبط کی گئی تھیں، انہیں اصل حقداروں کو واپس کیا جائے گا۔ بارہمولہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایل جی سنہا نے کہا کہ حکومت نے اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد فیصلہ لیا ہے کہ دہش*ت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے اہل افراد کو سرکاری ملازمتیں دی جائیں گی اور جنہیں مالی امداد نہیں ملی، انہیں مدد فراہم کی جائے گی۔
ایل جی سنہا نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں اننت ناگ میں متعدد متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی جو نہایت جذباتی لمحات تھے۔ ان میں سے کئی ایسے افراد بھی تھے جنہیں سرکاری ملازمت کا حق ہونے کے باوجود نظرانداز کیا گیا تھا۔ سنہا نے مزید کہا کہ ایسے تمام کیسز کا بھی جائزہ لیا جائے گا جہاں ایف آئی آر درج نہیں ہوئی یا جائیدادیں ضبط کر لی گئیں۔ مناسب تحقیقات کے بعد جہاں ممکن ہو، ضبط کی گئی جائیدادیں متاثرہ خاندانوں کو واپس کی جائیں گی۔