
24/08/2025
پانی پروجیکٹ کے مسائل حل کرنے کیلئے عوامی نمائندوں کو ایک پیج پر اکٹھے کرنے پر تھوار یوتھ اور عمائدین تھوار کو
خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
سید اکبر شاہ چیئرمین بیداری قوم آرگنائزیشن روندو بلتستان
کسی بھی معاشرے یا علاقے کے اجتماعی مسائل کو باہمی افہام و تفہیم اور مشترکہ مشاورت سے حل کرنے کی کوشش ہی اصل سیاست اور قیادت کی پہچان ہے۔ آج تھوار کے باشعور اور بیدار جوانوں نے وہ کارنامہ انجام دیا جسے عموماً ناممکن سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے نہ صرف علاقے کے سرکردہ شخصیات کو ایک جگہ جمع کیا بلکہ ان نمائندوں کو بھی ایک ہی میز پر بٹھایا جنہیں کٹھا کرنا مشکل سمجھا جاتا تھا۔
یہ حقیقت ہے کہ ٹیبل ٹاک ہی کسی مسئلے کا بہترین اور پائیدار حل ہے۔ ایسی گفتگو نہ صرف مسائل کے حل کی راہ ہموار کرتی ہے بلکہ ایک دوسرے کے درمیان پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو بھی دور کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔
آج وزیر محمد خان صاحب اور راجہ ناصر علی خان صاحب نے جس طرح اعتماد، وقار اور خوبصورت الفاظ کے ساتھ ایک دوسرے پر بھروسہ کیا، وہ واقعی قابلِ ستائش ہے۔ دونوں نے نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے ثابت کیا کہ اگر نیت صاف ہو تو کوئی بھی رکاوٹ بڑی نہیں ہوتی۔
ہمیں قوی امید ہے کہ یہ ہم آہنگی اور اعتماد کا سلسلہ یونہی قائم رہے گا اور سب مل کر اس اہم پروجیکٹ کو پایۂ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ ہماری دعا ہے کہ یہ عزم صرف زبانی دعوؤں تک محدود نہ رہے بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے بھی ایک دوسرے کے شانہ بشانہ چلنے کا ثبوت دیا جائے۔
آخر میں میں تھوار کے باشعور جوانوں اور عمائدین کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس تاریخی نشست کو ممکن بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔