
23/07/2025
پشاور (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر خیبرپختونخوا بھر میں جاری غیر اعلانیہ اور اضافی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ چیف پیسکو نے اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے بعد آج سے صوبے بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں واضح کمی واقع ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ملک بھر میں بجلی کی فراہمی کو یکساں بنانے کے لیے ہدایات جاری کی تھیں جن پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں بجلی کی بلاجواز بندش ختم کر دی گئی ہے۔دوسری جانب بعض اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، بلدیاتی نمائندے اور سوشل ایکٹیویٹیس سوشل میڈیا پر بیانات جاری کر رہے ہیں کہ یہ کمی ان کی ذاتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ تاہم حقائق اس کے برعکس ہیں کیونکہ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پورے صوبے کے عوام کو سہولت دینے کی غرض سے مرکزی سطح پر کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق صوبے بھر میں یکساں طور پر کیا گیا ہے۔عوامی حلقوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ بھی بجلی کی فراہمی کو غیر سیاسی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔