
09/10/2025
اسرائیل کی قید سے رہا ہونے والے سابق سینیٹرمشتاق احمد آج وطن واپس پہنچیں گے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی قید سے رہائی کے بعد سابق جماعتِ اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان بحفاظت پاکستان روانہ ہوئے۔
اردن میں پاکستانی سفارتخانے نے بدھ کی شب تصدیق کی کہ مشتاق احمد خان کو بحفاظت وطن واپسی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر کے روانہ کر دیا گیا ہے۔
سابق سینیٹر 45 کشتیوں پر مشتمل “گلوبل صمود فلوٹیلا (GSF)” کی قیادت کر رہے تھے، جو گزشتہ ماہ اسپین سے روانہ ہوا تھا۔ اس فلوٹیلا کا مقصد غزہ کے لیے اسرائیلی ناکہ بندی توڑ کر امداد پہنچانا تھا، اس مشن میں متعدد عالمی کارکنان اور سیاستدان، جن میں گریٹا تھنبرگ بھی شامل تھیں۔
تاہم جیسے ہی فلوٹیلا غزہ کے قریب پہنچا، اسرائیلی فورسز نے اسے روک لیا اور اس میں سوار تمام کارکنان کو حراست میں لے کر ملک بدر کر دیا۔
پاکستانی سفارتخانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری بیان میں کہا کہ “ وزیرِاعظم پاکستان کی ہدایت پر اردن میں پاکستانی سفارتخانے نے سابق سینیٹر مشتاق کی بحفاظت اور پرسکون روانگی کے لیے تمام ضروری انتظامات یقینی بنائے۔”
سابق سینیٹر مشتاق آج وطن واپس پہنچیں گے، اسلام آباد ائیرپورٹ پر استقبال کیا جائے ، جہاں پر وہ پریس کلب کے باہر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے بدھ کے روز اردن کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ ایمن الصفدی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے اردن کی جانب سے غزہ کے لیے روانہ ہونے والی امدادی کشتیوں کے شرکا کی رہائی کے بعد ان کی میزبانی اور واپسی میں معاونت پر اردن کا شکریہ ادا کیا۔..