05/10/2025
پریس ریلیز جماعت اسلامی
مولانا تنویر حیدری امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان نے قائد اہل سنت پر قاتلانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے سازشوں کے خلاف آہنی ہاتھ اٹھانے کا مطالبہ کر دیا
امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا تنویر حیدری نے علاقے کے امراۓ اضلاع اور ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر اہل سنت گلگت بلتستان و کوہستان مولانا قاضی نثار احمد صاحب پر ہونے والے قاتلانہ حملے کو علاقے کی امن، ہم آہنگی اور ترقی پر حملہ قرار دیا ہے
اجلاس میں امرا و ذمہ داران کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جہاں امیر جماعت اسلامی نے اس بزدلانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ریاست سے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ
امن و ہم آہنگی پر حملہ "مولانا قاضی نثار احمد صاحب پر قاتلانہ حملہ دراصل گلگت بلتستان کی مذہبی ہم آہنگی، باہمی اخوت، قومی سلامتی، علاقائی امن، روشن مستقبل اور تعمیر و ترقی پر حملہ ہے۔"
سازشوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ"ہم ریاست سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے پرامن ماحول کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والے وطن دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ انہیں فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ خطے کو مزید بدامنی سے بچایا جا سکے۔"
مولانا قاضی نثار احمد صاحب کی گلگت بلتستان میں قیام امن اور مسلکی رواداری کے لیے گرانقدر خدمات ہیں۔ ان پر حملہ صوبائی حکومت اور ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔"
بیرونی سازش کی نشاندہی: "گلگت بلتستان میں بھارت کے سلیپر سیلز ایک بار پھر خطے کو فرقہ وارانہ آگ میں دھکیلنے کے درپے ہیں۔ بھارتی آرمی چیف اور وزیر دفاع کے دھمکی آمیز بیانات کے فوری بعد صوبے کے ایک مسلکی سربراہ پر حملہ، اس خطے کے غیور و محب وطن عوام کو مسلکی تقسیم اور مذہبی منافرت کی جانب گامزن کرنے کی سازش ہے۔"
"گلگت بلتستان کے نوجوان اور ہر ذمہ دار و محب وطن فرد کو چاہیے کہ وہ اس سازش کو روکنے اور گلگت بلتستان کو بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔"
امیر جماعت اسلامی نے مولا نا قاضی نثار احمد اور دیگر زخمی افراد کے لیے فوری شفایابی کی دعا کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اللہ پاک گلگت بلتستان کے پرامن ماحول، مسلکی بھائی چارگی، باہمی محبت و اخوت اور شاندار معاشی مستقبل کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں کی ناپاک سازشوں سے محفوظ رکھے گا۔
اجلاس میں شرکاء نے متفقہ طور پر اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، تاکہ علاقے میں امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔
راجہ محسن خان
ناظم نشرواشاعت
#