
27/07/2025
ایبٹ آباد کے نواحی گاؤں سے تعلق رکھنے والی پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ونگ کی صوبائی نائب صدر اور رکن صوبائی اسمبلی اشبر جدون 1956 کو ایبٹ آباد کے نواحی گاؤں سلہڈ ٹھنڈا میرا میں میر افضل خان جدون کے گھر پیدا ہوئیں۔اشبر جدون اپنے بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی ہونے کی وجہ سے ماں باپ کی انتہائی لاڈلی اورنور نظر تھیں ۔اس وقت گاؤں میں بچیوں کی تعلیم مخالفت کی جاتی تھی۔لیکن اشبر جدون کو تعلیم حاصل کرنے کا اشد شوق تھا۔جس پر والد نے خاندان کی مخالفت کے باوجود اپنی بیٹی کی خواہش کو پورا کرنے کے لئے ساتھ دیا۔اشبر جدون نے نامساعد حالات میں ابتدائی تعلیم گاؤں سے ہی حاصل کی ۔اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر ون میں مڈل میں پشاور بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ۔میٹرک کے بعد گرلز ڈگری کالج ایبٹ آباد سے ایف ایس سی اور پشاور یونیورسٹی سے گریجویشن کرکے بی ایڈ کی ڈگری حاصل کی ۔انہوں نے زمانہ طالب علمی کالج کے دور سے ہی پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے طلبہ یونین کی سیاست میں حصہ لیا۔اشبر جدون نے بی ایڈ کرنے کے بعد شعبہ تعلیم سے وابستہ ہو گئیں۔اور ان کی شادی کاکول گاؤں میں ایک معزز پٹھان گھرانے میں ہوئی ۔شادی کے کچھ عرصہ بعد انہوں گاؤں میں ایک نجی سکائی بلیو پبلک سکول کا ادارہ قائم کیا ۔اور ساتھ ساتھ سیاست میں دوبارہ متحرک ہوئیں۔اشبر جدون نے پارٹی کے ضلعی عہدوں سے صوبائی عہدہ تک کام کیا ۔ایم پی اے اشبر جدون نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے لئے کام کیا ۔بھٹو شہید اور بے نظیر شہید کے نظریہ کے مطابق ہر پلیٹ فارم پر خواتین کے حقوق کی ترجمانی کی ۔پارٹی نے ان کی خدمات کے صلہ میں 2024 میں ایم پی اے منتخب کروایا ۔اشبر جدون نے یہ عہدہ اور اعزاز سراسر اپنے بل بوتے پر حاصل کیا ۔اور پارٹی کے لئے اپنی بے لوث اور بے خوف خدمات سر انجام دیئے۔وہ اس وقت صوبائی اور مرکزی قیادت کے ساتھ کام کر کے اپنی صلاحیت کومنوا رہی ہیں۔