23/07/2025
مانگل ندی کو بچانے کے لیے مقامی عوام متحرک، نکا پانی ہل میرا میں اہم اجلاس منعقد
ایبٹ آباد (جمیل احمد جمیل )ایبٹ آباد کی نواحی 56 دیہاتوں کے سب سے بڑے آبی ذخیرے مانگل ندی میں زہریلا مواد شامل ہونے پر مانگل بچاؤ تحریک کے تحت نکا پانی ہل میرا میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت تحریک کے بانی و سماجی رہنما دلاور خان تنولی نے کی، جس میں مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے ندی کی بگڑتی حالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر یہ عہد کیا کہ وہ علاقے کی خوبصورتی، فطری وسائل کی بقا، اور آنے والی نسلوں کو صحت مند ماحول دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ مانگل ندی میں آلودگی کی بڑی وجوہات میں ایوب ٹیچنگ ہسپتال، سمال انڈسٹریز اور مختلف رہائشی کالونیوں کا مضر صحت کچرا اور آلودہ پانی شامل ہونا شامل ہے، جس نے ندی کے قدرتی حسن اور حیاتیاتی نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
ندی کی صفائی اور آلودگی کے خلاف عوامی مہم
اسکولوں اور مساجد کے ذریعے آگاہی مہم کا آغاز
پہاڑوں میں لگنے والی آگ کی روک تھام کے اقدامات
موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ کے لیے شجر کاری اور درختوں کی حفاظت
ندی میں مچھلیوں کے غیر قانونی شکار کے خلاف کریک ڈاؤن
جنگلی و آبی حیات کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں
شرکاء نے بتایا کہ مانگل ندی کبھی مقامی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھی جاتی تھی، جہاں درجنوں پن چکیاں اور 25 سے زائد مچھلی فارم قائم تھے، جو اب زہریلے ویسٹ کی نذر ہو کر تباہی سے دوچار ہو چکے ہیں۔
منبر و محراب سے جدوجہد کا آغاز یہ پہلا موقع ہے جب مقامی لوگ منبر اور محراب سے ماحولیات کی بہتری کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔ تحریک کے رہنماؤں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ انتظامیہ سے بھی بھرپور رابطہ کریں گے تاکہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے موثر پالیسی اور عملی اقدامات کیے جا سکیں۔