
24/09/2025
پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ نے ایوب میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ بدانتظامیوں اور بے ضابطگیوں کے حوالے سے دائر رٹ پٹیشن پر انتظامیہ سے ایک ماہ کے اندر اندر پیرا وائز جواب طلب کرلیا ہے۔ یہ حکم ڈاکٹر محمد اسحاق زکریا ایڈووکیٹ کی جانب سے عوامی مفاد میں دائر کردہ رٹ پٹیشن پر دیا گیا۔
عدالت نے چیئرمین بورڈ آف گورنرز، ڈین/سی ای او، ہسپتال ڈائریکٹر اور میڈیکل ڈائریکٹر ایوب میڈیکل کمپلیکس کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام الزامات و نکات پر پیرا وائز تفصیلی جواب داخل کریں۔
رٹ پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایوب میڈیکل کمپلیکس میں او پی ڈی پرچی کی فیس بڑھا کر 100 روپے کر دی گئی ہے، مریضوں کو ناقص ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، مشینری (سی ٹی سکین، ایم آر آئی، ایکسرے و دیگر) آئے روز خراب رہتی ہے اور مریضوں کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے مزید مشکلات میں ڈالا جا رہا ہے۔
معزز عدالت نے ان معاملات کو سنجیدہ نوعیت کا قرار دیتے ہوئے تمام نامزد ذمہ داران سے ایک ماہ کے اندر اندر پیرا وائز جواب طلب کرلیا ہے۔