14/08/2026
جشن آزادی پر لیڈی گارڈن میں آزادی کا نیا پیکیج: 20 روپے کی جگہ 50 روپے، رسید البتہ آزادی پر۔
ایبٹ آباد: جشنِ آزادی کے موقع پر کینٹونمنٹ پبلک پارک ایبٹ آباد آنے والے شہریوں کو مبینہ طور پر "خصوصی یومِ آزادی پیکیج" فراہم کر دیا گیا، جس کے تحت عام دنوں میں 20 روپے کی انٹری فیس آج بڑھا کر 50 روپے فی کس وصول کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ 50 روپے کی فیس کے ساتھ اگر کم از کم رسید بھی مل جاتی تو انہیں یقین آ جاتا کہ وہ پارک میں داخل ہوئے ہیں، کسی قومی خزانے میں سرمایہ کاری نہیں کر رہے۔
بعض شہریوں کے مطابق فیس تو پوری وصول کی جا رہی ہے، تاہم ٹکٹ یا رسید دینے کی زحمت نہیں کی جا رہی۔ ایک شہری نے طنزیہ انداز میں کہا:
"آزادی کا دن ہے، شاید رسید بھی آج آزاد کر دی گئی ہے!"
شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ فیس کے بارے میں سوال کرنے پر بعض افراد کو گیٹ سے ایک طرف کر دیا جاتا ہے، جبکہ موبائل فون چھیننے کی مبینہ کوشش کی شکایت بھی سامنے آئی ہے۔
ایک شہری نے کہا کہ 14 اگست پر ہمیں آزادی کا جشن منانے آئے تھے، لیکن یہاں پہنچ کر معلوم ہوا کہ پہلے جیب کو آزادی دینی پڑے گی۔
شہریوں نے متعلقہ کینٹونمنٹ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واضح کیا جائے کہ انٹری فیس 20 روپے ہے، 50 روپے ہے یا جشنِ آزادی کے حساب سے روزانہ نیا ریٹ جاری ہوگا؟
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر قومی تہوار پر فیس میں اضافہ کیا گیا ہے تو کم از کم اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن، ٹکٹ اور رسید تو دی جائے تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ 50 روپے کس خوشی میں ادا کیے جا رہے ہیں۔