08/09/2026
ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ایبٹ آباد کے زیر اہتمام تحفظ ختمِ نبوت کانفرنس پیپلز سیکرٹریٹ میں ضلعی صدر سید سلیم شاہ کی زیر سرپرستی منعقد ہوئی، جس کی صدارت پیر سید محبوب حسین شاہ کاظمی نے کی جبکہ پیر سید مجاہد حسین شاہ کاظمی اور پروفیسر امین شاہد نے خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور مقررین نے کہا کہ انہوں نے 1974ء میں قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کے تاریخی آئینی اقدام میں کلیدی کردار ادا کیا، جس پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، بعد ازاں ثناء خواں و نعت خواں نعیم برادران نے نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس میں سینئر نائب صدر و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی سید جعفر شاہ جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد افتخار تنولی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ساجد جاوید بٹ، صدر پی کے 45 سید مہربان شاہ ترمذی، جنرل سیکرٹری پی کے 45 شیخ نثار، صدر پی کے 43 محمد آصف، جنرل سیکرٹری خواتین ونگ ایبٹ آباد رومش سلیم، رابطہ سیکرٹری نصیر احمد جنجوعہ۔صدر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن ہزارہ سید معراج علی شاہ، صدر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن ایبٹ آباد سید وحید شاہ کاظمی۔جنرل سیکرٹری سید فیضان شاہ سمیت عوامی، سماجی، مذہبی و روحانی شخصیات، وکلاء، صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور پیپلز پارٹی کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں سیرتِ رسول ﷺ اور عقیدہ ختمِ نبوت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام کو ہر دور میں مختلف چیلنجز کا سامنا رہا ہے، تاہم عقیدہ ختمِ نبوت مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی جزو ہے، اس لیے اس حوالے سے عوام میں شعور، اتحاد اور آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مقررین نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ کے حوالے سے تاریخی کردار ادا کیا، جسے اسلامی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اس تاریخی آئینی اقدام کو اپنے لیے باعثِ فخر سمجھتی ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ، اسلامی اقدار کے فروغ اور عوام میں مذہبی شعور و آگاہی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔