
14/07/2025
وفاقی محتسب کے زیر انتظام گرلز ڈگری کالج کریم آباد میں آگاہی پروگرام کا انعقاد
کریم آباد (ہنزہ):
وفاقی محتسب ریجنل آفس گلگت کی جانب سے گرلز ڈگری کالج کریم آباد میں ایک اہم آگاہی و عوامی شکایات سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد مقامی شہریوں کو وفاقی محتسب کے کردار، اس کے دائرہ کار، عوامی شکایات کے ازالے کے طریقہ کار، اور وفاقی حکومت سے منسلک اداروں کی خدمات سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
اس پروگرام میں وفاقی حکومت کے مختلف اداروں کے اعلیٰ افسران، ہنزہ کے تمام نمبرداران، اور علاقہ کے معززین نے بھرپور شرکت کی۔ نمبرداران نے ہنزہ کے مختلف علاقوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مقامی مسائل کو کھل کر بیان کیا۔
اُٹھائے گئے اہم مسائل:
شرکاء کی جانب سے متعدد اہم عوامی مسائل پر توجہ دلائی گئی، جن میں خاص طور پر درج ذیل مسائل قابل ذکر ہیں:
1. شاہراہ قراقرم (Karakoram Highway) کے متاثرین کو معاوضہ:
کے کے ایچ (Karakoram Highway) کی تعمیر سے متاثر ہونے والے عوام کو صرف 60 فیصد معاوضہ ملا ہے، جبکہ 40 فیصد متاثرین آج بھی واجبات کے منتظر ہیں۔
2. کسٹمز سے متعلق مسائل:
چیمبر آف کامرس کی جانب سے کسٹمز قوانین، اشیاء کی ترسیل میں تاخیر، اور پیچیدہ عملدرآمد سے متعلق شکایات پیش کیں۔
3. بیت المال آفس کے قیام کی ضرورت:
ہنزہ میں بیت المال کا کوئی باقاعدہ دفتر موجود نہیں، جس کی وجہ سے مستحق افراد کو گلگت یا دیگر علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔
4. بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے مسائل:
مستحقین کو وظیفہ نہ ملنے، اندراج میں دشواری، اور غلط معلومات کی بنیاد پر بعض افراد کے نام نکالے جانے جیسے مسائل رپورٹ کیے گئے۔
5. انٹرنیٹ سروس کی ناقص کارکردگی:
ہنزہ جیسے سیاحتی اور تعلیمی مقام پر انٹرنیٹ کی سست رفتاری نے تعلیم، کاروبار، اور سیاحت سب کو متاثر کیا ہے۔
6. دیگر بنیادی سہولیات کی کمی:
پانی، بجلی، صحت، اور تعلیم سے متعلق شکایات بھی متعدد مقامی نمائندوں کی جانب سے اٹھائی گئیں۔
وفاقی محتسب ریجنل آفس گلگت کے کمشنر صاحب نے تمام شکایات کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کو متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت سے حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوام کو انصاف کی فراہمی کا بہترین پلیٹ فارم ہے، اور ان کی کوشش ہوگی کہ شکایات کا ازالہ عوام کے دہلیز پر یقینی بنایا جائے۔
پروگرام کے اختتام پر معززین اور نمبرداران صاحبان کی جانب سے وفاقی محتسب کے اس مثبت اور نتیجہ خیز اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے پروگرام مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے تاکہ عوام کو براہ راست اپنی بات کہنے کا موقع ملے۔
# Facebook Instagram TikTok