25/08/2023
عمرہ زائرین کو طوفانی ہواؤں اور بارش میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
طوفانی بارش میں خانہ کعبہ کے مناظر
بارش کے دوران بھی مسجدالحرام میں عمرہ زائرین اپنی عبادات میں مصروف رہے
خانہ کعبہ کے ٹاور کو چھوتی آسمانی بجلی دل دہلا دینے والے مناظر
سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں منگل کو ہوئی بارش کے دوران مسجدالحرام میں عمرہ زائرین نے طواف جاری رکھا اور اپنی عبادات میں مصروف رہے، اس کے باعث صحن حرم میں ایمان افروز مناظر دیکھے گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودیہ کے موسمیات کے قومی مرکز نے منگل کے روز بارش اور گرد آلود تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کی پیش گوئی کی، جو سچ ثابت ہوئی اور اس کے نتیجے میں مسجدالحرام کے ساتھ مکہ مکرمہ کے دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس کی وجہ سے سڑکیں زیر آب آ گئیں۔
معلوم ہوا ہے کہ حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کی خدمت پر مامور متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات بروقت کیے تاکہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے، یہی وجہ ہے کہ بارش کے دوران مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کرنے کا عمل جاری رہے
جنرل پریذیڈنسی کے انڈر سیکریٹری برائے سروسز اینڈ انوائرمنٹل پروٹیکشن اچیومنٹ انجینیراحمد بن عمر بالعمش نے بتایا ہے کہ بارش کے موسم کے پیش نظر صدارت عامہ نے مسجد الحرام میں اپنی تیاریاں بڑھا دی ہیں، مطاف، مسجد الحرام میں نمازکے لیے مختص ہالوں، داخلی و خارجی راستوں پر بارش سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ نمازیوں اور عمرہ کے مناسک ادا کرنے والے زائرین کو سکون کے ساتھ عبادت کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مسجد الحرام کے صحن اور راستوں کو بارش کے پانی سے صاف اور خشک کرنے کے لیے تمام ضروری آلات فراہم کیے گئے ہیں، صحن مطاف، بیرونی مقامات اوربالائی منزلوں میں بارش کے پانی کو ہٹانے اور فرش کو خشک کرنے کے لیے تقریباً 500 سے زائد مشینین اور آلات مہیا کیے گئے ہیں، ایجنسی ایسے معاملات کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی کے ذریعے اپنی تیاریاں تیز کر رہی ہے۔
جنرل پریذیڈنسی کے انڈر سیکریٹری برائے سروسز اینڈ انوائرمنٹل پروٹیکشن اچیومنٹ نے بتایا کہ بارشوں کے پیش نظر احتیاطی منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے، اس ہنگامی منصوبے کے تحت مناسب تعداد میں رضا کار اور مسجد الحرام میں مخلتف جگہوں کی دیکھ بھال کے لیے ضروری آلات فراہم کیے گئے ہیں، بارش کی جیکٹس فراہم کی گئی ہیں اور کافی تعداد میں پلاسٹک واکرز کو مرکزی اور ثانوی داخلی راستوں اور ایسکلیٹرز کے داخلی راستوں پر پھیلائے گئے ہیں۔