08/03/2025
کسی مافیا کو بہاولپور کے شہریوں پر ظلم و زیادتی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ضلعی انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور ہر قسم کے سیاسی دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے مافیا کے خلاف فی الفور کارروائی کرے بصورت دیگر بروز منگل ڈپٹی کمشنر آ فس بہاولپور کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
عوامی مسائل اجاگر کرنے اور مافیاز کے خلاف جہاد میں بہاولپور کا ہر شہری بہاولپور پریس کلب کے ساتھ ہے ان خیالات کا اظہار بہاولپور پریس کلب میں گزشتہ روز منعقد ہونے والے ہنگامی اجلاس کے شرکاء نے کیا۔اجلاس میں بہاولپور کی ضلعی انتظامیہ کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی گئی اور بہاولپور پریس کلب،ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن،سیاسی و مذہبی جماعتوں،انجمن تاجران اور سول سوسائٹی نمائندگان کے مشترکہ اعلامیہ میں بہاولپور کی ضلعی انتظامیہ 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم۔تفصیل کے مطابق بہاولپور پریس کلب میں ریت کے ٹھیکیداروں کی جانب سے اوور چارجنگ،شہریوں اور صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف گزشتہ روز ایک ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن،سیاسی و مذہبی جماعتوں،انجمن تاجران کے صدور اور سول سوسائٹی نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ندیم اقبال چوہدری اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عامر چنڑ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کسی طاقتور مافیا کو کسی شہری بالخصوص صحافی برادری کے ساتھ زیادتی کی بالکل اجازت نہیں دی جا سکتی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی سیاسی دباؤ قبول کیا جائے گا۔
ملک عامر چنڑ کا کہنا تھا کہ اس بے لگام مافیا کی مذمت کے ساتھ مرمت کی بھی ضرورت ہے۔
سرپرست اعلیٰ متحدہ مرکزی انجمن تاجران سردار نجیب اللہ خان کا کہنا تھا کہ بہاولپور کے عوام اپنے حقوق کا تحفظ بخوبی کرنا جانتے ہیں اور انجمن تاجران اس عوامی ایشو پر پریس کلب کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما حسین احمد مدنی اور امیر جماعت اسلامی نصر اللہ خان ناصر کا کہنا تھا کہ بہاولپور ایک پرامن شہر ہے لیکن یہاں بسنے والوں کی شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ان کامزید کہنا تھا کہ بہاولپور کے منتخب نمائندگان کی ایک سالہ کارکردگی نہایت مایوس کن ہے اور وہ بہاولپور کے عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام نظر آ تے ہیں ان کی سرپرستی کی بدولت ان مافیاز نے بہاولپور کے شہریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔
صدر انجمن تاجران سید اسرار شاہ اور صدر انجمن تاجران شاہی بازار میر جمال کا کہنا تھا کہ وہ اس عوامی تحریک میں پریس کلب کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مولانا عبدالرزاق شائق صدر مرکزی میلاد مصطفیٰ کمیٹی،قاری ذوالفقار نقشبندی،جماعت اہلسنت کے امیر مفتی جاوید مصطفی سعیدی،راؤ جاوید اقبال،مجلس وحدت المسلمین کے امیر نبیل چوہان،منہاج القرآن کے سہیل کامران اور احسان اللہ راحت کا کہنا تھا کہ بہاولپور پریس کلب کی انتظامیہ کی یہ کاوش لائق تحسین ہے کہ انہوں نے ایک عوامی ایشو پر شہر کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک فورم پر اکھٹا کیا۔
شرکاء نے مافیاز کی سرپرستی کرنے والی سیاسی اشرافیہ اور ضلعی انتظامیہ کو آ ڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اب بہاولپور کے شہری اپنے حقوق کے تحفظ کے لئیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
اجلاس کے شرکاء کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی گئی اور مشترکہ اعلامیہ میں بہاولپور کی ضلعی انتظامیہ کو 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا گیا۔اگر ضلعی انتظامیہ نے عوام سے لوٹ مار کرنے والے کرپٹ ٹھیکیداران کے خلاف کارروائی نہ کی تو بروز منگل دن گیارہ بجے بہاولپور کے شہریوں کی جانب سے احتجاج کیا جائے گا اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور کے دفتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا بہاولپور کے دیگر عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لئیے اس فورم کو مزید فعال بھی کیا جائے گا۔