05/12/2023
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی ہے۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 10 رنز سے شکست دی اور تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
پاکستان کے 138 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے مقررہ 20 اوورز میں 127 رنز بنا پائی۔ پاکستانی آل راؤنڈر عالیہ ریاض 32 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔
پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کی اس تاریخی فتح میں فاسٹ بولر فاطمہ ثنا نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں فاطمہ نے 22 رنز دے کر تین کیوی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستانی بولر فاطمہ ثنا نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائی تھیں۔
یہ پہلی بار نہیں جب فاطمہ نے خواتین کھلاڑیوں کا سر فخر سے بلند کیا ہو۔
اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر فاطمہ ثنا سنہ 2022 میں سال کی بہترین ابھرتی ہوئی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں اور یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ پاکستان کی کسی خاتون کھلاڑی کو آئی سی سی کا سالانہ ایوارڈ دیا گیا ہو۔
ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی پر جہاں تمام خواتین پلیئرز کا جذبہ بلند ہے وہیں میچ میں کامیابی پر نازاں فاطمہ ثنا نے جیت کا شہرا شائقین کی سپورٹ کو قرار دیا۔