03/08/2025
سب تحصیل اُوچ شریف میں جوہڑ نما گندا پانی، عوامی صحت کو سنگین خطرات لاحق
ضلع بہاولپور کی تحصیل احمدپور شرقیہ، سب تحصیل اُوچ شریف کے رہائشی ایک عرصے سے بدترین ماحولیاتی اور صحت کے بحران کا شکار ہیں۔ محلہ جات کی گلیوں میں جمع گندا، بدبودار پانی جو اب ایک جوہڑ کی شکل اختیار کر چکا ہے، وہاں کے مکینوں کے لیے مستقل اذیت کا باعث بن چکا ہے۔
ویڈیوز اور مقامی افراد کی نشاندہی کے مطابق، نالیوں کا پانی اور کھلے گٹروں کا گندہ مواد گلیوں میں جمع ہو کر شدید بدبو اور آلودگی کا سبب بن رہا ہے۔ اس پانی میں پلاسٹک، گھریلو کوڑا کرکٹ اور گلنے سڑنے والا مواد بھی شامل ہے، جو مچھروں کی افزائش کا گڑھ بن چکا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں مچھروں کے انڈے اور لاروے اس پانی میں صاف نظر آ رہے ہیں، جو ملیریا، ڈینگی اور دیگر مہلک بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ پیدا کر رہے ہیں۔ بچوں کا گلیوں میں کھیلنا اور خواتین کا گزرنا انتہائی مشکل بلکہ ناممکن ہو چکا ہے۔
اہل محلہ ن DPO، AC صاحب، ٹاؤن کمیٹی، مریم نواز صاحبہ، ایم این اے مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی اور ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلے کا فوری اور مستقل حل نکالا جائے۔ صفائی، جراثیم کش اسپرے اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات وقت کی اہم ضرورت ہیں، ورنہ یہ ماحولیاتی بحران ایک وبا کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔