10/06/2026
وزیرستان کے مسائل پر قبائلی مشران کا ملک نظر دین زیر صدارت کمشنر بنوں سے جرگہ، نیٹ ورک بندش، آپریشن اور کرفیو پر تشویش کا اظہار
بنوں: وزیرستان کے مختلف قبائل کے مشران نے کمشنر بنوں سے ملاقات کرتے ہوئے علاقے کو درپیش مسائل پر تفصیلی جرگہ کیا۔ جرگے میں وزیرستان میں جاری نیٹ ورک بندش، کرفیو کے باعث عوام کو پیش آنے والی مشکلات، کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹوں اور دیگر عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشران نے مؤقف اختیار کیا کہ نیٹ ورک کی بندش اور طویل کرفیو کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، طلبہ، مریضوں، تاجروں اور عام شہریوں کو روزمرہ امور کی انجام دہی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
کمشنر بنوں نے مشران کے تحفظات کو غور سے سنتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات اور مسائل متعلقہ حکام تک پہنچائے جائیں گے اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
جرگے میں قوم دردونی، قوم براخیل اور قوم ٹوبٹل خیل کے مشران نے شرکت کی، جن میں ملک نظر دین خان، ملک نیک مرجان، ملک میر بوش خان، ملک رشید اللہ، ملک ربنواز، ملک بوبری خان، ملک رحمان، ملک گل احمد خان، ملک مادوس خان اور دیگر عمائدین شامل تھے۔ جرگے کے شرکاء نے علاقے میں امن و استحکام کے قیام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے باہمی مشاورت اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔