
12/08/2025
میونسپل لائبریری بنوں میں یومِ آزادی کی شاندار تقریب،
چراغاں، کیک کاٹا گیا، قربانیوں کو خراجِ تحسین
یومِ آزادی کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم خان کی سربراہی اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام میونسپل لائبریری بنوں کی تاریخی عمارت میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں عمارت کو خوبصورتی سے چراغاں کیا گیا اور "معرکہ حق – یومِ آزادی" کا کیک کاٹا گیا۔تقریب کی قیادت ٹی ایم او محمد یوسف خان نے کی، جبکہ گارڈین آفیسر ولی ایاز خان ٹی او آئی تسکین اللہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ تقریب پریس کلب کے صدر پیر نیاز علی شاہ ،سرپرست اعلی عبدالسلام بے تاب،سابقہ صدر احسان اللہ خٹک اور دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا۔ کہ پاکستان کی آزادی ایک عظیم جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہے، جس کے طفیل آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کی مناسبت سے ضلع بھر کی سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے، جو حب الوطنی کی عکاسی کرتا ہے۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی نسل کو آزادی کی قدر و قیمت اور اس کے پس منظر میں دی گئی قربانیوں سے روشناس کرانا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ وہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔