
12/09/2025
میاں گل خیل: جلسۂ حفظ قرآن اور دستار بندی کی پُر وقار تقریب
میاں گل خیل میں ایک روح پرور اور ایمان افروز تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں حافظ محمد حارث کی دستار بندی کے موقع پر جلسۂ حفظ قرآن کا اہتمام کیا گیا۔ اس پُروقار تقریب میں علاقے کے معزز علماء کرام، مشائخ عظام اور عوام الناس نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق صوبائی اسمبلی کے امیدوار جناب مولانا حافظ احمد اللہ حقانی صاحب تھے، جنہوں نے اپنے دلنشین اور پراثر خطاب میں قرآن مجید کی اہمیت، حفاظِ کرام کے مقام، اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں معاشرتی اصلاح پر سیر حاصل گفتگو فرمائی۔
اس موقع پر جمیعت علمائے اسلام کے صوبائی رہنما مفتی گل رحمان صاحب، قاری سمیع الرحمن صاحب، اور قاری محمد یعقوب صاحب بھی بطورِ خاص جلوہ افروز تھے، جنہوں نے اپنے خطابات میں حفظِ قرآن کی فضیلت، والدین کی قربانیوں اور دینی مدارس کے کردار پر روشنی ڈالی۔
آخر میں حافظ محمد حارث کو دستارِ فضیلت پہنائی گئی اور ان کی علمی و روحانی کاوشوں کو سراہا گیا۔ شرکائے محفل نے حافظ محمد حارث، ان کے اساتذہ اور والدین کو مبارک باد پیش کی اور ان کی دینی خدمات کے تسلسل کے لیے دعا کی۔