15/06/2025
*بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کا دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن،*
*درجنوں مشتبہ افراد گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد*
تفصیلات کے مطابق بنوں پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ چند مشکوک افراد تھانہ ڈومیل کی حدود میں واقع علاقوں برگنتو اور کم چشمی میں موجود ہیں۔ اطلاع پر فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر بنوں جناب سجاد خان کی ہدایات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جناب سلیم عباس کلاچی کی قیادت میں بنوں پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) اور پاک فوج نے مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔
اس بڑے پیمانے پر کیے گئے آپریشن میں بریگیڈئیر نوید احمد، ایس پی سی ٹی ڈی فضل واحد، ایس پی انویسٹی گیشن ساجد ممتاز، ایس پی رورل محمود نواز سمیت تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز بمع نفری، سی ٹی ڈی اہلکاران، کوئیک ریسپانس فورس (QRF)، لیڈیز پولیس، بی ڈی ایس اسکواڈ اور پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور شرکت کی۔
آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی، خصوصاً ڈرون کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے علاقے کے مشتبہ گھروں اور مقامات کی نگرانی اور تلاشی لی گئی، جہاں منشیات فروش، اشتہاری ملزمان اور دہشتگرد عناصر کی موجودگی کی اطلاعات تھیں۔
کارروائی کے دوران تقریباً 40 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، جب کہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی کا کہنا تھا کہ:
ایسے مربوط آپریشنز کا مقصد علاقے کو جرائم، منشیات اور دہشتگردی سے پاک کرنا ہے تاکہ شہریوں کو تحفظ کا احساس دلایا جا سکے۔ بنوں پولیس کی یہ مؤثر کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔
ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان نے کامیاب کارروائی پر تمام افسران اور جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ:
بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑی کارروائی کو کامیابی سے مکمل کیا۔ ایسے آپریشنز سے نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کا نیٹ ورک ٹوٹتا ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی پولیس پر بڑھتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ پورے ریجن میں امن و امان کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے۔
ترجمان بنوں پولیس