
09/04/2025
وزیرستان کے برطرف پولیس اہلکاروں کے کیسز کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا، جہاں ناانصافی ثابت ہوئی، وہاں فوری طور پر بحالی کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔ایڈشنل آئی جی پولیس کا ڈسٹرکٹ پریس کلب جنوبی وزیرستان اپر کے وفد کے ساتھ ملاقات میں گفتگوں
جنوبی وزیرستان (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ پریس کلب جنوبی وزیرستان اپر کے صدر ملک حیات اللہ کی قیادت میں ایک اہم وفد نے ایڈیشنل آئی جی پولیس خیبر پختونخوا کے ساتھ ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرستان کی سیکیورٹی صورتحال، پولیس کو درپیش مسائل، اور بالخصوص ڈس مس کیے گئے پولیس اہلکاروں کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے وزیرستان پولیس کو درپیش بنیادی سہولیات کی کمی، انتظامی چیلنجز، اور اہلکاروں کے ساتھ روا رکھی گئی ممکنہ ناانصافیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ خاص طور پر ان اہلکاروں کی بحالی کا مطالبہ زور و شور سے اٹھایا گیا جنہیں مختلف وجوہات کی بنا پر برطرف کر دیا گیا تھا۔
ایڈیشنل آئی جی پولیس خیبر پختونخوا نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ تمام برطرف اہلکاروں کے کیسز کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا، اور جہاں ناانصافی ثابت ہوئی، وہاں فوری طور پر بحالی کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرستان جیسے حساس علاقے میں پولیس فورس کا مورال بلند رکھنا اور میرٹ پر فیصلے کرنا محکمے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک حیات اللہ نے اس پیش رفت کو حوصلہ افزا قرار دیا اور کہا کہ اس سے نہ صرف برطرف اہلکاروں کو انصاف ملے گا بلکہ علاقے میں امن و امان کی فضا کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔
سماجی و قبائلی حلقوں نے اس ملاقات کو ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ جلد برطرف اہلکاروں کی بحالی ممکن ہوگی اور پولیس فورس میں نیا جوش و ولولہ پیدا ہوگا۔
---