16/09/2026
ضلع خیبر میں پولیس افسران و جوانوں کے خصوصی دربار میں کمانڈنٹ باڑہ رائفلز عامر توصیف نے خصوصی شرکت کی اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد کی زیرِ قیادت منعقدہ دربار میں پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملک و قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
کمانڈنٹ باڑہ رائفلز عامر توصیف نے پولیس اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان قریبی تعاون اور مؤثر کوآرڈینیشن ناگزیر ہے۔
دربار میں پولیس جوانوں نے تنخواہوں کی فکسیشن، پوسٹنگ و ٹرانسفر پالیسی، سروس اسٹرکچر، پروموشن اور شہداء کے خاندانوں کے جائز مسائل سمیت مختلف معاملات پیش کیے۔ ڈی پی او وقار احمد نے مسائل سن کر متعلقہ افسران کو متعدد امور کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ضلع خیبر کی پولیس چوکیوں میں نفری کی کمی، ضروری سازوسامان اور دیگر بنیادی ضروریات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ متعلقہ افسران کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔