12/08/2026
ڈسٹرکٹ جیل بھکر میں جشنِ آزادی اسپورٹس فیسٹیول، ملی نغموں، کھیلوں اور ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب
اسیرانِ جیل کے لیے جشنِ آزادی کی خوشیاں دوبالا، پرچم کشائی، گارڈ آف آنر، شجرکاری، ملی نغمے، ٹیبلو، تقریری مقابلے، کھیلوں کے دلچسپ مقابلے اور جشن آزادی اور مکہ دفاعی معاہدہ کی شاندار کیک کٹنگ
بھکر: ڈسٹرکٹ جیل بھکر میں جشنِ آزادی کے سلسلہ میں شاندار اور رنگا رنگ جشنِ آزادی اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسیرانِ جیل کو بھی قومی خوشیوں میں بھرپور انداز سے شریک کیا گیا۔ تقریب میں حب الوطنی، کھیل، ثقافت اور قومی یکجہتی کا خوبصورت امتزاج دیکھنے میں آیا۔
تقریب کے میزبان سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل بھکر ڈاکٹر محمد صدیق گِل اور جیل وزیٹر سرگودھا ڈویژن، ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب طارق حمید ملک تھے، جبکہ مہمانِ خصوصی ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان، ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ، ڈی ای او ایجوکیشن ملک منیر احمد اولکھ، اے ڈی سی جنرل ڈاکٹر محمد ارشد وٹو سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، تاجران، صحافی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پرچم کشائی اور گارڈ آف آنر سے ہوا، جبکہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ جشنِ آزادی کی مناسبت سے جیل احاطے میں شجرکاری بھی کی گئی۔ جیل کو قومی پرچموں، خوبصورت بینرز اور غباروں سے سجایا گیا، جبکہ مہمانوں کا ریڈ کارپٹ استقبال، پھولوں کے گلدستوں اور پتیاں نچھاور کر کے پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
جشنِ آزادی کی خوشی میں شاندار کیک کاٹا گیا اور اسیرانِ جیل میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ تقریب میں ملی نغمے، ٹیبلو، تقریری مقابلے اور ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے، جبکہ مقامی سنگر نے ملی نغموں اور سرائیکی گیتوں سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ قیدیانِ جیل نے بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
اسپورٹس فیسٹیول میں رسہ کشی، دوڑ اور والی بال کے دلچسپ مقابلے ہوئے۔ تھل یونیورسٹی اور قیدیانِ جیل کی ٹیموں کے درمیان والی بال کا سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جبکہ رسہ کشی میں قیدیانِ جیل اور پولیس وارڈنز نے حصہ لیا۔
اس موقع پر پاک فوج، پولیس، رینجرز اور جیل پولیس کے بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملک و قوم کے دفاع، امن و امان اور عوام کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا گیا اور پاک فوج سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔
شدید گرمی کے باوجود مہمانوں اور شرکاء کی سہولت کے لیے ٹھنڈے پانی، ایئر کولرز اور دیگر بہترین انتظامات کیے گئے، جنہیں شرکاء نے خصوصی طور پر سراہا۔
تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی اور شاندار خدمات انجام دینے والے افسران و اہلکاروں، سیاسی و سماجی شخصیات، علمی و ادبی شخصیات اور نمایاں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کو تعریفی، خدماتی اور بیسٹ پرفارمنس ایوارڈز سے نوازا گیا۔
شرکاء نے ڈسٹرکٹ جیل بھکر میں جشنِ آزادی کی شاندار تقریبات کو قومی جذبے، اصلاحی سرگرمیوں اور مثبت سوچ کے فروغ کی خوبصورت مثال قرار دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل ڈاکٹر محمد صدیق گِل، جیل وزیٹر طارق حمید ملک اور جیل انتظامیہ کو کامیاب انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
#