02/10/2025
خبردار بھوآنہ
سید عدنان زیدی سے
سی سی ڈی پولیس کی بروقت کارروائی، سنگین وارداتوں میں ملوث ملزم ہلاک، ساتھی فرار
حاجی نصراللہ خان اے ایس آئی سی سی ڈی پولیس چنیوٹ اور ان کی ٹیم نے ایک بڑی کارروائی کے دوران ضلع کو کرائم فری بنانے کے عزم کو ایک بار پھر ثابت کر دکھایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق جمعرت اور جمعہ کی درمیانی شب چنیوٹ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ بدنام زمانہ ملزم سرجا ولد برکھا قوم وینس سکنہ کھڑکن چنیوٹ اپنے دو مسلح ساتھیوں کے ہمراہ واردات کی نیت سے علاقہ میں موجود ہے۔سی سی ڈی پولیس ٹیم نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران ملزمان اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 40 سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث مرکزی ملزم سرجا موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو نامعلوم ساتھی تاریکی اور ہنڈا 125 موٹر سائیکل کا سہارا لیتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم ڈکیتی، راہزنی، فائرنگ، اور شہریوں کو یرغمال بنانے جیسے سنگین جرائم میں عرصہ دراز سے مطلوب تھا۔ اس کے خلاف مختلف تھانوں میں کئی مقدمات درج تھے اور پولیس کو اس کی گرفتاری کے لیے کافی عرصہ سے درپیش مسائل کا سامنا تھا۔علاقے کے عوام اور اہالیان ضلع چنیوٹ نے سی سی ڈی پولیس کی اس کامیاب کارروائی پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی سی ڈی پولیس آج مجرموں کے لیے خوف کی علامت بن چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "سی سی ڈی پولیس کے جوان جس دلیری کے ساتھ جان ہتھیلی پر رکھ کر خطرناک مجرموں کا پیچھا کر رہے ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی زندگیاں داؤ پر لگا رہے ہیں، یہ واقعی قابلِ ستائش اور تحسین عمل ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ضلع بھر میں جرائم کے مکمل خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔