13/11/2025
بورے والا پریس کلب میں امن سیمینار، پولیس اور شہریوں کا پائیدار امن کے عزم کا اظہار
بورے والا: پریس کلب بورے والا میں امن کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا جس میں ڈی ایس پی رانا عمران ٹیپو، سماجی کارکن نور فاطمہ، جنرل سیکرٹری انجمن تاجران شیخ عابد فاروق، صدر پریس کلب چوہدری اصغر علی جاوید، ایس ایچ او تھانہ سٹی رانا ثاقب نذیر اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر عسکری کالج چوہدری عبدالصبور، ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن راؤ مہتاب عالم، راؤ نور محمد، عثمان جمیل بھٹی، محمد عاطف چوہدری، شیخ محمد عمران، سینئر صحافیوں یونیورسٹی اساتذہ، طلباء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی رانا عمران ٹیپو نے کہا کہ پائیدار امن صرف قانون کے نفاذ سے نہیں بلکہ باہمی احترام، برداشت اور سماجی ہم آہنگی سے قائم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہریوں کے تعاون کے بغیر مکمل امن قائم نہیں کر سکتی، جب تک ہر فرد اپنی ذمہ داری کو پہچان کر معاشرتی نظم و ضبط کا حصہ نہیں بنتا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بورے والا کو امن و بھائی چارے کا مثالی شہر بنانے کے لیے پولیس اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی اور جرائم کے خاتمے کے لیے کمیونٹی پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
دیگر مقررین نے بھی اپنے خطاب میں معاشرتی ہم آہنگی، برداشت اور شہری تعاون کو امن کے قیام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ #