13/08/2026
نیلہ، دلہہ کے شہریوں کا اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس کا مطالبہ
سرکاری کرایہ نامہ موجود، پھر بھی مسافروں سے زائد کرایہ
وصولی؟
چکوال: حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئے کرایہ نامے کے باوجود نیلہ، دلہہ اور گردونواح کے مسافروں سے مبینہ طور پر مقررہ کرائے سے زائد رقم وصول کیے جانے کی شکایات سامنے آنے لگی ہیں، جس پر علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ٹرانسپورٹ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی شہریوں کے مطابق حکومت کی جانب سے باقاعدہ کرایہ نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں مختلف روٹس کے کرائے واضح طور پر مقرر کیے گئے ہیں، تاہم بعض گاڑیوں میں مسافروں سے ان مقررہ کرایوں کے بجائے اپنی مرضی کی رقم وصول کی جا رہی ہے۔
شہریوں کی جانب سے فراہم کردہ تصاویر کے مطابق ایک گاڑی، جس کی نمبر پلیٹ E-5349 ہے، کے ڈرائیور وقاص کی جانب سے مبینہ طور پر مسافر سے 300 روپے کرایہ وصول کیا گیا، جبکہ مسافر کا مؤقف ہے کہ سرکاری کرایہ نامے کے مطابق اس روٹ کا مقررہ کرایہ اس سے کم ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ جب وہ ڈرائیور سے مقررہ سرکاری کرایہ وصول کرنے کی بات کرتے ہیں تو بعض اوقات انہیں یہ جواب دیا جاتا ہے کہ “اگر کرایہ منظور نہیں تو کسی اور گاڑی میں چلے جائیں۔” شہریوں کے مطابق یہ صورتحال مسافروں کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کا سوال ہے کہ اگر سرکار کی جانب سے باقاعدہ کرایہ نامہ جاری کرنے کے باوجود ڈرائیور اپنی مرضی کا کرایہ وصول کریں گے تو پھر سرکاری کرایہ نامہ جاری کرنے کا مقصد کیا رہ جاتا ہے؟
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر چکوال، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ نیلہ، دلہہ اور دیگر مقامی روٹس پر مقررہ کرایوں پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے، زائد کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی جائے اور شکایات درست ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی نئے کرایہ نامے پر مؤثر عملدرآمد اور اوورچارجنگ کی روک تھام پر زور دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کرایہ نامہ صرف جاری کرنا کافی نہیں، اس پر عملی طور پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عام مسافر کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
نیلہ، دلہہ کے شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر مسافروں کو مقررہ سرکاری کرایے کے مطابق سفر کی سہولت فراہم کی جائے۔
Deputy Commissioner Chakwal
Neela Chakwal
Discovering Dullah