18/09/2025
چکوال ۔ ( اے پی سی نیوز)
چکوال میں آنکھوں کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا شہری پریشان
ضلع چکوال میں آنکھوں کے ایک پُراسرار مرض نے وبائی صورت اختیار کر لی ہے جس سے نہ صرف بڑے بلکہ شیر خوار بچے بھی متاثر ہو رہے ہیں متاثرہ افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ آنکھوں کی سوجن، سرخی مائل ،پانی آنا، خارش اور شدید تکلیف جیسی علامات عام ہو چکی ہیں ہسپتالوں اور کلینکس میں مریضوں کا رش بڑھتا جا رہا ہے جبکہ علاج معالجے کی سہولیات ناکافی ثابت ہو رہی ہیں شہریوں نے ڈپٹی کمشنر چکوال اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں آنکھوں کے مریضوں کے لیے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے جائیں تاکہ بروقت اور بہتر علاج ممکن ہو سکے محکمہ صحت کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ صفائی کا خاص خیال رکھنے اور مریضوں سے براہِ راست رابطے سے گریز کرنے سے اس مرض سے بچا جا سکتا ہے۔