07/02/2024
الیکشن 2024 کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس۔
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ
جمہوریت ایک طرز حکومت ہے جس میں اختیارات لوگوں کو حاصل ہیں کہ وہ اپنے لئے کیسے نمائندے منتخب کرتے ہیں۔ ان کو ووٹ کا حق حاصل ہے جو ریاست انہیں دیتی ہے۔ ووٹ بنیادی حق۔ اس ایک ووٹ کی قیمت جمہوریت میں سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہوتی ہے۔ ووٹ اور الیکشن کے بغیر جمہوریت نا مکمل ہے۔
گزشتہ کئ دنوں سے ہم دیکھتے آرہے تھے کہ الیکشن کے دن ہیں، سیاسی نمائندے اور امیدواران الیکشن کمپینز میں مصروف ہیں۔ ہم، گاوں برغذی، 386 ووٹوں پر مشتمل ایک گاوں ہے جس میں 88 گھرانے ہیں۔ 170 کے قریب نوجوان ووٹرز ہیں۔
گاوں برغذی انتہائ ہی پسماندہ علاقہ ہے ترقی کے حوالے سے۔ یہاں پہ روڈ کا مسئلہ ہے، پُل کا مسئلہ ہے، چھوٹے بچوں کیلئے پرائمری سکول تک نہیں۔2 کلو میٹر دور جاکر پڑھتے ہیں۔ صحت مند جسم میں صحت مند دماغ، نوجوانوں کیلئے کھیل کا میدان صحیح نہیں۔ بجلی کا مسئلہ ہے۔ جو کہ حل طلب ہے۔
تاہم، ہم انتظار میں تھے کہ کوئ تو آئے کہ جس کے سامنے ہم اپنے یہ مطالبات رکھ سکیں۔ اور وہ ہمیں یقین دہانی کرائیں کہ ہم آپ لوگوں کے مطالبات حل کریں گے، لیکن نہیں۔
ایک بھی سیاسی امیدوار نے ہمارے مسائل سننا تو دور کی بات، یہاں قدم رکھنے کی ہی زحمت نہیں کی۔
ہم راہ تکتے رہے لیکن کوئ بھی نہیں آیا.
کیا ہمارے ووٹوں کی کوئ اہمیت نہیں ؟ کیا ہم ریاست پاکستان کا حصہ نہیں ؟ کیا ہم شہری نہیں ؟ کیا ہمارے بزرگ، بزرگ نہیں ؟ کیا ہمارے ووٹوں کی آپ کو ضرورت نہیں ؟ کیا ہمارے مسائل، مسائل نہیں ؟
جب الیکشن سے دو روز قبل تک کوئ نمائندہ یہاں نہیں آیا تو ہمیں ہمارا جواب "نہیں" میں مل گیا۔ اگر جواب "نہیں" ہے تو پھر ہم بھی آپ کو ووٹ کیوں دیں ؟ آپ الیکشن سے قبل یہاں قدم رکھنے کی زحمت نہیں کررہے ہیں تو الیکشن کے بعد کیا آپ یہاں آئیں گے ؟ اس کا جواب ہے، کبھی بھی نہیں۔ ہمیں نہیں لگتا۔
ان سارے سوالات کو زیر غور لانے کے بعد، پھر ہم نوجوانوں نے متفقہ طور پر الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔
اب اس بائیکاٹ کے بعد تمام پارٹی رہنماوں اور نمائندوں نے ہمارے علاقہ کا دورہ کیا ما سوائے شہزادہ افتخار الدین صاحب کے۔ تاہم ہم افتخار صاحب کے بھی راہ دیکھتے رہے مگر وہ نہیں آئے۔ خیر کوئ بات نہیں۔ ہم ان سے گلہ نہیں کرتے نہ ہی افتخار صاحب کو گلہ کرنا چاہئے 8فروری کو۔
جیسا کہ ہمارا مقصد الیکشن کمپین کروانا تھا۔ اور اپنے مسائل اپنے نمائندوں تک پہنچانے تھے، ان کو بتانے تھے اور حل کی یقین دہانی کروانی تھی۔ وہ ہم نے کردئیے۔
ہمارا مقصد پورا ہوگیا۔
لہذٰا ہم، نوجوانان برغذی الیکشن 2024 کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیتے ہیں۔ اور بائیکاٹ ختم کرتے ہیں۔
انشاء اللہ 8 فروری کو ہر بندہ اپنا قومی فریضہ ادا کرے گا۔ اور اپنے اپنے نمائندوں کو ووٹ ڈال کر ایک زمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں گے۔
سلام پاکستان۔