30/11/2025
چترال میں پیپلز پارٹی کا 58 واں یوم تاسیس انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا ۔
چترال ( فاسٹ نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی کا 58 ویں یوم تاسیس کی ایک پر رونق تقریب ٹاؤن ہال چترال میں منعقد ہوئی ، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی چترال کے رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پرصوبائی نائب صدر و قائمقام ضلعی صدر سلیم خان ، جنرل سیکرٹری قاضی فیصل ، شہزادہ خالد پرویز ، صدر خواتین ونگ شبنم ناصر ، تحصیل صدر دروش غازی وردک ، سنئیر رہنما شاہ مراد بیگ ، عالم زیب ایڈوکیٹ ، انفارمیشن سیکرٹری نظارولی شاہ ، صدر پیپلز لائرز فورم محمد افضل ، شیر جوان وغیرہ نے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ چترال کو دوبارہ پی پی پی کا ناقابل تسخیر قلعہ اور گڑھ بنایا جائے گا جس کے ساتھ پارٹی کے بانی شہید ذولفقار علی بھٹو والہانہ محبت رکھتے تھے اور اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں سات مرتبہ چترال کا دور ہ کیا۔ غریبوں کو قوت گویائی دی اور حقیقی آزادی کے مفہوم سے آشنا کیا۔ انہوں نے کہاکہ چترال کی ترقی کی تاریخ دراصل پی پی پی کی تاریخ ہے جس نے لواری ٹنل پر کام شروع کرنے سے لے کر پن بجلی گھر، کالج اور چترال کے دوردراز علاقوں تک سڑکوں کا جال بچھایا اور پہلی مرتبہ راشن کارڈ کے ذریعےخوراک کی فراہمی کو متعارف کرایا۔ انہوں نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے ساتھ چترال کے عوام اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کی خصوصی محبت اور عقیدت ہے۔ انہوں نے پارٹی کی صفوں میں اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں ہر حالت میں پارٹی کے ساتھ وفاداری کا بھرم قائم رکھنا چاہئیے۔ اس موقع پر یوم تاسیس کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔