16/12/2025
اپر اور لوئر چترال کے عدالتی ریکارڈ کی علیحدگی ایک تاریخی پیش رفت
معزز پشاور ہائی کورٹ ، پشاور کی ہدایات کی روشنی میں ایک اہم اور تاریخی پیش رفت عمل میں آئی ہے، جس کے تحت ضلع اپر چترال اور ضلع لوئر چترال کے عدالتی ریکارڈ کی علیحدگی سے متعلق دستاویز پر باقاعدہ طور پر دستخط مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صاحبہ چترال لوئر نے اس موقع پر اللہ تعالی اور پشاور ہائی کورٹ پشاور کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی طرف سے دی گئی تجویز کو معزز عدالت عالیہ نے منظوری دی اور یوں یہ دیرینہ اور نہایت اہم اصلاح چترال کی عدالتی و انتظامی تاریخ میں ایک نمایاں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ماضی میں مقدمات کے فریقین اور عام شہریوں کو محض عدالتی ریکارڈ کے حصول کے لیے اپر چترال سے لوئر چترال اور لوئر چترال سے اپر چترال تک طویل، مشکل اور وقت طلب سفر کرنا پڑتا تھا، جس کے باعث شدید ذہنی، مالی اور جسمانی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ عدالتی ریکارڈ کی علیحدگی کے بعد یہ سہولت مقامی سطح پر دستیاب ہوگی، جس سے عوام الناس اور سائلین کو براہ راست ریلیف حاصل ہو گا۔
یہ اقدام معزز پشاور ہائی کورٹ ، پشاور کے سائلین دوست ، دور اندیش اور اصلاحاتی وژن کا عملی مظہر ہے ، جو دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں انصاف تک رسائی کو آسان بنانے اور عدالتی نظام کو مؤثر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف عدالتی امور میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد بھی مزید مضبوط ہو گا۔
شہناز حمید خٹک
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چترال لوئر