
26/07/2025
تریچمیر بیک پیکرز کلب پاکستان کے زیر انتظام اور خیبر پختونخواہ کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی کے اشتراک سے جاری تریچمیر بیس کیمپ ٹریکنگ کے دوسرے مرحلے کے دوسرے دن 20 قومی سطح کے منتخب کردہ ٹریکرز پر مشتمل گروپ آج وادی اویر کے گول غاری پختوری کیمپ سے روانہ ہو کر کامیابی سے شاہبرونز پہنچ گیا۔ اس موقع پر مقامی سطح پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں مقامی عمائدین اور نوجوانوں نے ٹریکرز کو خوش آمدید کہا اور ان کی ہمت و حوصلے کو سراہا۔
تریچمیر کی یہ ٹریک مہم اس مرتبہ وادی اویر کے نسبتاً کم استعمال شدہ راستے سے جاری ہے، جو نہ صرف ایک نیا تجربہ فراہم کر رہا ہے بلکہ مقامی سیاحت، ثقافت اور معیشت کو بھی فروغ دے رہا ہے۔ مہم کے دوران مقامی ثقافت، قدرتی مناظر اور علاقائی مہمان نوازی کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا رہا ہے۔
شاہ برونز کیمپ پر قیام کے بعد گروپ بیس کیمپ کی جانب اپنے سفر کو جاری رکھے گا۔ یہ مہم نہ صرف نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی تربیت کا ذریعہ بن رہی ہے بلکہ دنیا کو چترال کے قدرتی حسن اور سیاحتی امکانات سے بھی روشناس کرا رہی ہے۔
Khyber Pakhtunkhwa Culture and Tourism Authority