25/09/2025
گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول چک نمبر 207 مراد میں شجر کاری مہم، پانچ سو پودے لگائے گئے
ڈاہرانوالہ: گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول چک نمبر 207 مراد میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سکول کے طلباء اور اساتذہ کرام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، اس موقع پر سکول کے ہر طالب علم اور استاد نے اپنے حصے کا پودا لگایا۔ اس مہم کے تحت سکول کے ایک ایکڑ رقبے پر مجموعی طور پر پانچ سو پودے لگائے گئے۔ یہ زمین عرصہ دراز سے ویران پڑی تھی جو اب سرسبز و شاداب نظر آئے گی، پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول چک نمبر 207 مراد احسان اللہ چیمہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
"ماحولیاتی تبدیلیوں نے جس طرح ارضِ وطن کو متاثر کیا ہے، اس کا تقاضا ہے کہ ہم سب اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔ اگر آج ہم نے یہ قدم نہ اٹھایا تو آنے والی نسلوں کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ درخت لگانا صدقہ جاریہ بھی ہے اور ملکی بقا کی ضمانت بھی۔" انہوں نے مزید کہا کہ سکول انتظامیہ، اساتذہ کرام اور طلباء کی یہ کاوش ایک مثال ہے جسے ہر ادارے کو اپنانا چاہیے، اہلِ علاقہ نے اس شجر کاری مہم کو نہایت خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف ماحول کو خوشگوار بناتے ہیں بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے صاف اور صحت مند فضا کی ضمانت بھی فراہم کرتے ہیں۔