31/08/2026
سٹی ٹو کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی جانب اہم قدم، مردانہ و زنانہ ڈگری کالج ترپلی ڈھوتر اڈا کا افتتاح
ڈیرہ اسماعیل خان: سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے مردانہ و زنانہ ڈگری کالج ترپلی ڈھوتر اڈا کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیت ملک پرویز آف کیچ نے سیکڑوں گاڑیوں پر مشتمل ایک بڑے قافلے کے ہمراہ شرکت کرکے تقریب کو بھرپور عوامی رنگ دے دیا۔
اس موقع پر ملک پرویز اور کلیم اللہ خان بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مردانہ و زنانہ ڈگری کالج کا قیام سٹی ٹو کے نوجوانوں کے لیے تعلیم کے میدان میں ایک تاریخی اور خوش آئند پیش رفت ہے۔ اس منصوبے سے علاقے کے طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ کرنے کے بجائے اپنے علاقے میں ہی بہتر تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جدید تعلیمی ادارے کا قیام نوجوان نسل کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے، انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے اور علاقے کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اہلِ علاقہ نے کالج کے قیام اور افتتاح پر سابق وزیرِ اعلیٰ سردار علی امین خان گنڈاپور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس منصوبے کو سٹی ٹو کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے ایک یادگار تحفہ قرار دیا۔