
26/07/2025
وزیراعلیٰ علی امین گنڈہ پور کا جنوبی اضلاع کے لیے بڑا تحفہ: زرعی یونیورسٹی ڈی آئی خان کے منصوبے میں توسیع*وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کا اظہار تشکر
ڈیرہ اسماعیل خان (ہینڈ آؤٹ 26جولائی 2025)خیبر پختونخوا حکومت نے زرعی شعبے کی ترقی کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے فیکلٹی اپ گریڈیشن منصوبے میں ایک سال کی نیوٹرل کاسٹ ایکسٹینشن کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کو سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP 2025-26) میں شامل رکھا گیا ہے، اور اب یہ منصوبہ 30 جون 2026 تک اپنی موجودہ لاگت اور دائرہ کار کے تحت جاری رہے گا۔یاد رہے کہ اس منصوبے کے تحت گومل یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایگریکلچر کو باقاعدہ زرعی یونیورسٹی کے درجے پر ترقی دی جا رہی ہے، جو جنوبی خیبر پختونخوا خصوصاً ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، بھکر اور آس پاس کے زرعی علاقوں کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ منصوبے کے لیے 3109.700 ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، جس میں رواں مالی سال کے لیے 3055.304 ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے۔اس موقع پر زرعی یونیورسٹی ڈی آئی خان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے ایک بیان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈہ پور کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا:یہ صرف ایک تعلیمی منصوبہ نہیں بلکہ جنوبی اضلاع کے کسانوں، طلباء، اور تحقیقی اداروں کے لیے ایک نئی امید ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈہ پور نے جس وژن اور قیادت کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے زرعی تحقیق، جدید فارمنگ ٹیکنالوجی، پانی کے مؤثر استعمال، اور طلباء کی پیشہ ورانہ تربیت کے نئے در وا ہوں گے۔یہ فیصلہ نہ صرف تعلیمی میدان بلکہ زرعی پیداوار، فوڈ سیکیورٹی اور مقامی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ زرعی یونیورسٹی ڈی آئی خان مستقبل میں بین الاقوامی معیار کی تحقیقی و تدریسی خدمات فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے علاقے کے زمینداروں، طلباء اور تعلیمی حلقوں نے بھی اس حکومتی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے جنوبی خیبر پختونخوا کے لیے ایک انقلابی پیش رفت قرار دیا ہے۔
ازطرف:شیراز احمد مغل
پی آر او زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان