26/08/2025
گورنمنٹ ہائی اسکول تیارزہ کے چار طلبہ کی شاندار
کامیابی – خیسورہ ویلفیئر آرگنائزیشن کا مثالی کردار
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے گورنمنٹ ہائی اسکول تیارزہ کے چار ہونہار طلبہ نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کر لیا۔ ان میں سے دو طلبہ فضل حق کالج مردان جبکہ دو طلبہ وینسم کالج ڈیرہ اسماعیل خان میں منتخب ہوئے۔
اس تاریخی کامیابی کا سہرا’خیسورہ ویلفیئر آرگنائزیشن' کے سر جاتا ہے
ڈائیریکٹوریٹ آف ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے ان طلبہ کے لیے ساتویں جماعت سے بارہویں جماعت تک کے تمام اخراجات بشمول ٹیوشن فیس، ہاسٹل فیس، کھانے پینے، اسٹیشنری اور سفری اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یوں یہ طلبہ اپنی تعلیم مکمل طور پر مفت جاری رکھ سکیں گے۔
خیسورہ ویلفیئر آرگنائزیشن بچپن سے ہی باصلاحیت طلبہ کی رہنمائی اور تیاری پر توجہ دیتی ہے۔ حال ہی میں تنظیم نے گورنمنٹ ہائی اسکول تیارزہ کے پرائمری سیکشن کے لیے تین اور گورنمنٹ مڈل اسکول احمد گل کلی کے لیے بھی تین اساتذہ کا بندوبست کیا ہے، جو اس تنظیم کی تعلیمی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مقامی عوام نے اس اقدام کو وزیرستان کے روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسی تنظیمیں معاشرے میں علم و آگہی کے فروغ کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔