
04/06/2025
جنوبی وزیرستان اپر میں انٹرنیٹ سروس بحالی اور تباہ شدہ مکانات معاوضوں کی عدم ادائیگی بارے فوری اقدامات اٹھائے جائنگے۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اپر
جنوبی وزیرستان اپر: محسود پریس کلب رجسٹرڈ کے جنرل سیکریٹری سکندر حیات اور ممبر اسلم محسود پر مشتمل وفد نے نو تعینات ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اپر فضل ودود صافی سے ملاقات کی، اس موقع پر علاقے میں جاری صحافتی اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفد نے نشاندہی کی کہ آپریشن راہ نجات کے دوران تباہ ہونے والے پچاس ہزار سے زائد مکانات کے متاثرین تاحال معاوضوں سے محروم ہیں، جبکہ لدھا ہیڈکوارٹر میں سرکاری دفاتر مکمل طور پر فعال نہ ہونے کی وجہ سے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انٹرنیٹ سروس کی عدم دستیابی کے باعث طلبہ کی تعلیم بھی متاثر ہو رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر فضل ودود صافی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ علاقے میں مثبت کردار ادا کرنے والے صحافیوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان اپر کی بحالی، ترقی اور عوامی سہولیات کی بحالی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لدھا ہیڈکوارٹر میں تمام دفاتر کو جلد فعال کر دیا جائے گا، جبکہ متاثرہ مکانات کے معاوضے کے حوالے سے صوبائی حکومت کو باقاعدہ رپورٹ ارسال کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ انتظامی افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور عوامی مسائل کا براہ راست جائزہ لے رہے ہیں۔ شہری کسی بھی مسئلے کی صورت میں ہیڈکوارٹر میں متعلقہ افسران سے رجوع کریں۔