
18/05/2025
ڈیرہ اسماعیل خان: سرو این جی او اور (پی پی اے ایف) کے زیر اہتمام یوم تشکر کی تقریب، پاک فوج کو خراج تحسین، نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں معروف سماجی تنظیم سرو این جی او اور (پی پی اے ایف )کے زیر اہتمام یوم تشکر کی ایک شاندار اور پُروقار تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی، جس میں حالیہ بھارتی جارحیت پر پاک فوج کے منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب کو سراہا گیا اور ملکی دفاع پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ ہیڈکوارٹر فصیح اسحاق عباسی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ صدر ڈسٹرکٹ بار قیضار میانخیل، ایس ایچ او خباب بلوچ، ڈسٹرکٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے افسران،
سی ای او سرو احمد زیب، پروگرام منیجر' شعیب سلام ایڈوکیٹ' محکمہ سوشل ویلفیئر سے امجد پرویز' سابقہ ڈسٹرکٹ ممبر گلشن بی بی' اجالا این جی او کی ساجدہ اسلم قیصرانی' ممتاز سماجی کارکن و کالم نویس رضوان اعوان و ماجد برکی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین، نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فصیح عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن شکر، اتحاد اور یکجہتی کا دن ہے۔ "ہم سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہماری افواج کو سرخرو کیا اور ہمیں بحثیتِ قوم سر بلند ہونے کا موقع عطا فرمایا۔" انہوں نے دشمن کے غرور کو شکست خوردہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ"اللہ تعالیٰ تکبر کو پسند نہیں کرتا، اور غرور ہمیشہ شکست کھاتا ہے۔ دشمن نے جارحیت اور غرور کا مظاہرہ کیا اور پاک فوج نے ایمان، عزم اور حکمت سے اسے جواب دیا۔ یہ جنگ صرف توپوں اور گولیوں کی نہیں بلکہ نظریے، ایمان، اور قومی غیرت کی تھی۔" انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "یہ آپریشن نہ صرف عسکری اعتبار سے ایک عظیم کامیابی ہے بلکہ قرآن کی اس تعلیم کا مظہر ہے جس میں فرمایا گیا ہے کہ مومن سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہوتا ہے۔" فصیح عباسی نے اس بات پر زور دیا کہ "جنگیں صرف سرحدوں پر نہیں لڑی جاتیں۔ ایک جنگ غربت، ناانصافی، کرپشن، جہالت اور معاشرتی مسائل کے خلاف ہے۔ ہم سب اس جنگ کے سپاہی ہیں — چاہے ہم بیوروکریٹس ہوں، ڈاکٹرز ہوں، وکلاء، اساتذہ یا مزدور۔ معاشرے کا ہر فرد اس قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔" آج کی تقریب میں جو چیکس تقسیم ہو رہے ہیں، وہ محض مالی مدد نہیں بلکہ ایک پیغام ہے۔ خود انحصاری، محنت، اور قومی تعمیر کا۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر نوجوان، ہر عورت، اپنے پاؤں پر کھڑی ہو، اپنی شناخت خود بنائے۔ اگر ہم اپنے حصے کا کردار ادا کریں، تو یہ ملک مزید ترقی کی ان بلندیوں کو چھو سکتا ہے "آئیں ہم تفرقہ چھوڑیں، نفرت ختم کریں، اور اتحاد، یگانگت، اور اخلاص کو فروغ دیں۔ ہمارا ہر قدم پاکستان کو مضبوط کرے، کیونکہ جب قوم متحد ہوتی ہے تو کوئی دشمن اس کا سامنا نہیں کر سکتا۔" تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او احمد زیب نے کہا کہ سرو ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے، جو گزشتہ 26 سالوں سے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سمیت، جنوبی وزیرستان اور مختلف علاقوں میں غربت کے خاتمے اور فلاحی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ ادارے کے تحت اب تک 40 ہزار سے زائد نوجوانوں، خواتین اور معذور افراد کو (پی پی اے ایف) اور حکومت پاکستان کے تعاون سے بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جس سے وہ اپنا کاروبار شروع کر کے مالی خود کفالت کی راہ پر گامزن ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر پاک فوج کی جرات و بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن "بنیان مرصوص" دشمن کے ناپاک عزائم کی ناکامی کی مثال ہے، جس نے پوری قوم کو ایک نیا حوصلہ دیا۔ انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی تاریخی 11 منٹ کی پریس کانفرنس کا ذکر بھی کیا، جو قومی وقار کا مظہر ثابت ہوئی۔ صدر ڈسٹرکٹ بار سردار قیضار خان میانخیل نے کہا کہ سرو این جی او کی خدمات قابل تقلید ہیں اور اس ادارے نے خطے میں غربت کے خلاف جو جہد مسلسل کی ہے وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے پاک فوج کو دنیا کی عظیم فوج قرار دیتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان پاورٹی ایلیویئشن فنڈ اور سرو کے اشتراک سے نوجوانوں اور خواتین میں روزگار کے لیے بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم کیے گئے تاکہ وہ خود انحصاری کے سفر کا آغاز کر سکیں۔ یہ تقریب نہ صرف ایک حب الوطنی سے لبریز موقع تھا بلکہ قومی یکجہتی، عوامی خدمت اور ترقی کے عزم کی ایک روشن علامت بھی ثابت ہوئی۔