31/10/2025
ڈیرہ اسماعیل خان: دینار کینسر ہسپتال میں بریسٹ کینسر آگاہی ماہ کے سلسلے میں اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سابق وزیرِاعلیٰ کی اہلیہ نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چھاتی کے سرطان سے صحتیاب ہونے والی بہادر خواتین نے اپنی جدوجہد اور تجربات شرکاء کے ساتھ شیئر کیے جسے حاضرین نے سراہا۔ تقریب کے دوران آگاہی واک اور سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں طب کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے ساتھ ساتھ مختلف سماجی و عوامی حلقوں کے افراد نے بھی بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیرِ انتظام چلنے والے دینار کینسر ہسپتال میں ہونے والی اس تقریب کا آغاز ادارے کی ڈائریکٹر محترمہ ڈاکٹر نبیلہ جاوید کے خطبۂ استقبالیہ سے ہوا۔ انہوں نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ہسپتال کی کارکردگی، بریسٹ کینسر کی تشخیص و علاج کے سلسلے میں کی جانے والی خدمات اور اب تک کے نتائج پر روشنی ڈالی۔ مزید برآں، انہوں نے آگاہی مہمات کی اہمیت اور معاشرتی سطح پر بروقت تشخیص کے کردار پر بھی زور دیا۔