07/08/2025
فیصل آباد پولیس کی شاندار پیش رفت — اندھے قتل معمہ حل، سوتیلی بیٹی اور منگیتر گرفتار فیصل آبادخصوصی)
سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر کی مؤثر قیادت اور ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ ڈجکوٹ سب انسپکٹر طارق امیر نے اندھے قتل کے ایک سنگین مقدمے میں زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے قتل میں ملوث دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ ساجدہ پروین کو بے دردی سے قتل کرنے والے ملزمان کی شناخت سوتیلی بیٹی مافیہ اور اس کے منگیتر عبید کے طور پر ہوئی ہے، جنہوں نے گھریلو رنجش کو بنیاد بنا کر خاتون پر فائرنگ کی اور جان لے لی۔
ابتدائی طور پر واقعہ کو نامعلوم افراد کی کارروائی قرار دیا گیا تھا، تاہم ایس ایچ او ڈجکوٹ نے اپنی پیشہ ور ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل، جدید ٹیکنالوجی اور تفتیشی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے اصل حقائق تک رسائی حاصل کی۔ سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کے بعد دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے حوالے کر دیا گیا۔
تھانہ ڈجکوٹ پولیس نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر نے اس کامیاب کارروائی کو پولیس ٹیم کی محنت، جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر قرار دیا ہے۔
سی پی او فیصل آباد کے مطابق شہر میں سنگین نوعیت کے جرائم کی بیخ کنی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو قانون شکن عناصر کے خلاف متحرک انداز میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
فیصل آباد پولیس کی اس کامیابی نے نہ صرف مقتولہ کے اہل خانہ کو انصاف کی امید دی ہے بلکہ قانون کی عملداری پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔